پاک بنگلا دیش انڈر 16سیریز:سہ روزہ میچ کا پہلا روز مکمل

286
راولپنڈی: پاکستان اوربنگلادیش انڈر16کے درمیان کھیلے گئے سہ روزہ میچ کے پہلے روزپاکستانی فیلڈر کیچ پکڑتے ہوئے
راولپنڈی: پاکستان اوربنگلادیش انڈر16کے درمیان کھیلے گئے سہ روزہ میچ کے پہلے روزپاکستانی فیلڈر کیچ پکڑتے ہوئے

راولپنڈی (جسارت نیوز)کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں 3 روزہ میچ کے پہلے روز قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے میڈیم پیسر احمد خان کے4شکارکی بدولت مہمان ٹیم پہلی اننگز میں204ا اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ دن کے اختتام پر قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 40 رنز بنالیے۔اس سے قبل پاکستان انڈر 16کرکٹ ٹیم کے کپتان عالیان محمودنے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ محض 35 رنزپر مہمان ٹیم کے ابتدائی 2 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بلے باز ردوان حسین اور کپتان نعیم احمد کے درمیان 75 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ردوان حسین 84 اور نعیم احمد 54 رنز بناکر ٹاپ اسکور ررہے۔ بنگلادیش انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی پوری ٹیم 63.5 اوورز میں 204رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی جانب سے احمد خان نے 43 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کپتان عالیان محمود اور علی اسفند نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں پاکستان انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور دن کے اختتام تک 4 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔ قومی انڈر 16 کرکٹ ٹیم کی جانب سے محمد وقاص اور عباس علی میچ کے دوسرے روز40 کے مجموعی اسکور سے کھیل کاآغاز کریں گے۔