بائونسی پچز پر آسٹریلیا کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں،بابر اعظم

440
آسٹریلیا سے خوفزدہ ہونے کا تاثر درست نہیں، بابراعظم

لاہور(جسارت نیوز) قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلیے ٹیم میں جونیئرز اور سینئرز کا امتزاج ہے اور اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ 12 سال قبل اسی اسٹیڈیم میچ دیکھنے کیلیے آیا، اب یہاں بطور کپتان قومی ٹیم موجود ہوں، آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلیے ٹیم میں جونیئرز اور سینئرز کا امتزاج ہے، اچھی کرکٹ کھیلیں اور جیتیں گے، ٹیم کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کا کام ہے۔بابراعظم نے کہا ڈومیسٹک اور جونیئرسطح پر کپتانی کی، سینٹرل پنجاب ٹیم کو بولنگ کی وجہ سے شکستیں ہوئیں، کپتانی کی وجہ سے ذمہ داری بڑھ گئی ہیں ، بابر اعظم کا کہنا تھا کہ صلاحیتوں سے انصاف کرنے کی کوشش کروں گا، ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں انفرادی کارکردگی کا گراف نہیں اپنی اور ٹیم کی پرفارمنس دونوں پر توجہ دوں گا۔قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں پچز پر باؤنس ہوگا، تیاری کرلی ہے، ہماری پیس بیٹری بھی اچھی ہے، محمد عامر کیساتھ پرجوش پیسرز محمد موسی اور محمد حسنین بھی موجود ہوں گے، آسٹریلوی کنڈیشنز میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کا موقع ملے گا، امام الحق بیک اپ میں ہوں گے۔ فخرزمان کیساتھ اننگز کا آغاز خود کروں گا۔ واضح رہے کہ دورے کے دوران پاکستان ٹوئنٹی20 ٹیم کی قیادت بابراعظم کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں آصف علی، فخرزمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسی خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم سیریز سے قبل ایک وارم اپ میچ کھیلے گی جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹوئنٹی 20میچ3 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 5نومبر کو کینبرا میں شیڈول ہے جبکہ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹوئنٹی20 میچ میں دونوں ٹیمیں 8 نومبر کو پرتھ اسٹیڈیم میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی۔سیریز کے دوران عثمان قادر سمیت5 نئے کھلاڑی پہلی بار صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں شرکت کے بعد نومبر کے پہلے ہفتے میں آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوں گے۔ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، اسد شفیق، بابراعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان (سینئر)، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم 2 وارم اپ میچز کھیلے جائیں گے۔