جنید مکاتی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی وزیر بلدیات سندھ سے ملاقات

387

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے وفد نے بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی کی قیادت میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے سندھ سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور امن و امان کی صورتحال، شہر کے بلدیاتی مسائل، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات سمیت ترقیاتی کاموں کے فقدان، ٹرانسپورٹ کے مسائل، واٹر بورڈ کی نااہلی کے باعث پانی و سیوریج کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے منتخب یوسی چیئرمینز اور وائس چیئرمینز بھی موجود تھے۔وزریر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے جماعت اسلامی کے وفد کی آمدکا خیرمقدم کرتے ہوئے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔جنید مکاتی نے کہا کہ شہر میں وفاق اور کے ایم سی نے اپنی ذمہ داری کا حق ادا نہیں کیا، تاہم سندھ حکومت نے شہید ملت روڈ، یونیورسٹی روڈ کی تعمیر نو کروائی ہیں، شہر کی تعمیر و ترقی کے کام میں جماعت اسلامی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی، مگر حکومت کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی احساسات وجذبات کا احساس کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے،

کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے موجودہ بجٹ نا کافی ہے،سندھ حکومت کراچی کے لئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرے،کراچی ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر ہے،کراچی کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے کہ کراچی کی معیشت کو مضبوط کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی جیسے میگا سٹی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیاد پر کام کیا جائے،پانی کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے K4منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے، اسی طرح سمندر کا پانی میٹھا کرنے، سیوریج کے پانی کو ری سائیکل کرنے کے منصوبے کا بھی آغاز کیا جائے۔

جنید مکاتی نے کہا کہ یو سیزمیں سیوریج کے مسائل کے حل کیلئے ایم ڈی واٹر بورڈ کو پابند کیا جائے کہ وہ شکایات کو بروقت دور کرنے کے لئے اقدامات کریں، ماہانہ یو سی کو 5لاکھ روپے کا فنڈ ملتا ہے، آدھے پیسے تنخواہوں میں خرچ ہو جاتے ہیں، اس کے علاوہ بقیہ رقم کو دیگر مسائل حل کرنے کے لئے ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے مناسب طریقہ کار طے کیا جائے، یو سیز کو ملنے والے فنڈز براہِ راست دیئے جائیں اور ان میں اضافہ بھی کیا جائے۔

جنید مکاتی نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کی صفائی مہم نمائشی تھی، پیپلزپارٹی کی مہم سے صفائی شروع ہوئی مگر اب چائینز کمپنی کی ہڑتال کے باعث کچراٹھکانے لگانے کا عمل رک گیا ہے، اسے فوری بحال کیا جائے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے شہر کی تعمیر اور ترقی کے لئے بہت کام کیا ہے،2005تک کراچی کے ادارے بہت اچھے انداز سے چل رہے تھے، اس کے بعد اداروں کی بتاہی کا سلسلہ شروع ہواانہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہر کے انفرا اسٹریکچر، گرین لائن، یلولائن منصوبے، پانی کی فراہمی کے منصوبے سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔