ٹریفک پولیس متحرک ،ون وے کی خلاف ورزی پر10 لاکھ 99ہزار 401 چالان کرڈالے

510

کراچی ٹریفک پولیس متحرک ، شہریوں کی جان بچانے کےعزم میں  سال بھر کے دوران ون وے کی خلاف ورزی پر10 لاکھ 99ہزار 401 چالان کرڈالے ۔

ترجمان سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک مینجمنٹ اینڈ ریگولیٹری نظام کی بہتری، ٹریفک قوانین کے نفاذ، عمل داری اور شہریوں کو ان قوانین کی بات آگاہی کے حوالے سے آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام کی ہدایات پر کراچی ٹریفک پولیس نے نہ صرف 649 مختلف اسکولوں،کالجوں اور تعلیمی اداروں کا دورہ کیا بلکہ کیمپ بھی لگائے ۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ  1 لاکھ 49 ہزار 500 طلبہ و طالبات کوٹریفک قوانین سے آگہی اوران پرعمل درآمد کےحوالے سے معلومات فراہم کی گئیں۔

دوسری جانب ٹریفک پولیس نے ون وے کی خلاف ورزی پر10لاکھ99 ہزار 401 چالان کیے ہیں، ہیلمٹ کے بغیرموٹر سائیکل سواری پر10 لاکھ 52 ہزار191 چالان ٹکٹ بھی  جاری کیے گئے۔

گاڑیوں  میں غیر معیاری سی این جی سلنڈر کے استعمال پر4372 چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، غیرقانونی چنگ چی رکشے چلانے پر1942 چالان کیے گئے جبکہ سی این جی رکشوں میں اضافی سیٹیں لگانے پر بھی  39 ہزار 138 چالان کیے گئے۔

کم عمر افراد  و بچوں کی ڈرائیونگ پر32 ہزار 62 چالان کیے گئے، ستمبر2018 تا ستمبر2019 تک ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 33 لاکھ 63 ہزار699 ٹکٹس چالان جاری کیے اس دوران ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر 14602 ڈرائیورز کو گرفتار بھی کیا گیا ۔

ٹریفک پولیس نے ڈرائیوروں سے جرمانے کی مجموعی رقم میں سے741.45 ملین وصول کیے۔