قومی ٹی ٹوئنٹی کپ ، نادرن خیبر پختنخوا کو ہراکر فائنل میں

420
فیصل آباد: قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا اورناردرن کے درمیان کھیلے گئے میچ میں شاداب خان وکٹ لینے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں سے داد وصول کرتے ہوئے
فیصل آباد: قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا اورناردرن کے درمیان کھیلے گئے میچ میں شاداب خان وکٹ لینے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں سے داد وصول کرتے ہوئے

فیصل آباد (جسارت نیوز) اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ میں ناردرن نے خیبرپختونخوا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ فاسٹ بولر حارث رؤف کے آخری اوورنے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، آخری 6 گیندوں پر خیبرپختونخوا کی ٹیم محض 4 رنز بناسکی جبکہ اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹے۔ فاسٹ بولر عثمان شنواری کے 5 شکار اور افتخار احمد کی نصف سنچری بھی خیبرپختونخوا کوکامیابی نہ دلاسکی۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتو اوپنر عمر امین کے علاوہ ناردرن کا کوئی بلے باز عثمان خان شنواری کی تباہ کن بولنگ کے سامنے زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ عمر امین کے43 رنز کی بدولت ناردرن نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔ فاسٹ بولر عثمان شنواری نے 13 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ عمران خان جونیئرنے 2 جبکہ جنید خان اور مصدق احمد نے 1،1 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔149 رنز پر مشتمل ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی جانب سے اننگز کا آغاز بھی متاثر کن نہ رہا اور محض 24 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد افتخار احمداور فخرزمان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 65 رنز جوڑے۔افتخار احمد نے53 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔ اوپنر فخر زمان نے 39 رنز بنائے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز خوشدل شاہ نے اختتامی اوورز میں 17 گیندوں پر 22 رنز بناکر خیبرپختونخوا کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔ خیبرپختونخوا کی ٹیم کو آخری اوور میں جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے تاہم فاسٹ بولر حارث رؤف کی تیزرفتار گیندوں کے سامنے خیبرپختونخوا کے کھلاڑی مکمل دباؤکا شکار نظر آئے اوروقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔آخری اوور میں آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد، مصدق احمد، زوہیب خان اورمحسن خان شامل ہیں۔ مقررہ 20 اوورز میں خیبرپختونخوا کی ٹیم 8وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بناسکی۔ ناردرن کی جانب سے حارث رؤف نے 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سہیل تنویر نے 2 جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔میچ میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر فاسٹ بولر حارث رؤف کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔