آزادی مارچ کے پیچھے مودی کا بیانیہ ہے‘اعظم خان سواتی

385
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی اور علی محمد خان پریس کانفرنس کررہے ہیں
اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی اور علی محمد خان پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور سینیٹر اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کے پیچھے مودی کا بیانیہ ہے، ہم ماضی کے دھرنے سے پہلے 4حلقے نہ کھولنے کے خلاف نکلے تھے جبکہ مولانا کس لیے آ رہے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امورنے کہا کہ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو حکومت ان کو معاف نہیں کرے گی ۔وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اب کشمیر کے ایشو کو بجائے اٹھانے کے مولانا کے آزادی مارچ کی وجہ سے توجہ ہٹائی گئی ہے اس سے کس کو فائدہ ملا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت نہیں ملی جس سے مخلوط حکومت بنانا پڑی،حکومت کے 13ماہ کے دوران معیشت میں استحکام آیا ہے۔ عمران خان نے عوام کی شکایات کے حل کے لیے وزیراعظم شکایات سیل کا اجرا کیا جس میں اب تک 13 لاکھ 60 ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 12لاکھ شکایات کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔ اعظم خان سواتی نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور دونوں ایوانوں کے اندر اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی معاونت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی ماحول میں فضل الرحمن ،مریم نواز اور بلاول زرداری کی قابل دید جوڑی بنی ہے جو مختلف زاویوں سے ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں، فضل الرحمن کو مہنگائی سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، دراصل خود احتساب کے خلاف ہیں جس سے یہ خوفزدہ ہیں۔ فضل الرحمن کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل نہیں ہوگی۔