کے یوجے کے زیر اہتمام ٹیکس ریٹرن فائل کرنے سے متعلق ورکشاپ

371
پریس کلب: ٹیکس ریٹرن جمع کرانے سے متعلق ورکشاپ کے شرکاکاگروپ فوٹو
پریس کلب: ٹیکس ریٹرن جمع کرانے سے متعلق ورکشاپ کے شرکاکاگروپ فوٹو

کراچی( اسٹا ف رپورٹر) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے زیر اہتمام فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے تعاون سے کراچی پریس کلب میں ٹیکس ریٹرن جمع کروانے سے متعلق آگاہی ورک شاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ میں چیف کمشنر آرٹی ٹو ایف بی آر بدرالدین قریشی ، ڈپٹی کمشنر حیات عمر ملک اور اداروں میں فری انکم ٹیکس ریٹرن سروس فراہم کرنے والی غیر سرکاری تنظیم کارساز کے سی ای او محمد جعفر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ چیف کمشنر فیڈرل بورڈ آف ریو نیو( ایف بی آر) بدر الدین کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنا پیچیدہ اور مشکل عمل ہے۔کم آمدنی والے تنخواہ دار طبقے کے لیے ایف بی آر نے “آسان ٹیکس ایپ ” متعارف کرایا ہے جس کے آسان اور سادہ طریقہ کار کے ذریعہ کوئی بھی شخص کسی کی مدد لیے بغیر باآسانی اپنا ٹیکس ریٹرن خود ہی فائل کر سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر حیات عمر ملک نے کہا کہ پہلے مرحلے میں رجسٹریشن کرانی پڑتی ہے جو نہایت ہی آسان ہے ، بنیادی معلومات پر مشتمل فارم پر کرنے پر ایک کوڈ ای میل اور دوسرا ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہو تا ہے جسے فارم پر درج کرنے سے رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو جاتا ہے۔دوسرے مرحلے میں ٹیکس ریٹرن فائل کیا جاتا ہے ، رواں سال سے تنخواہ دار طبقے کو ویلتھ ٹیکس کی تفصیلات بتانے کی ضرورت نہیں صرف اپنی آمدنی، اخراجات اور مجموعی اثاثوں کی مالیت بتانی ہوگی۔