عدالت،میڈیااور پارلیمان سب ریموٹ کنٹرول سے چل رہے ہیں، بلاول

298
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اسلام کوٹ میں جلسے سے خطاب کررہے ہیں
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری اسلام کوٹ میں جلسے سے خطاب کررہے ہیں

اسلام کوٹ(نمائندہ جسارت) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں عدالت،میڈیا اور پارلیمان سب ریموٹ کنٹرول سے چل رہے ہیں۔اسلام کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ آج مجھے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ میں تھرکے عوام سے مخاطب ہوں، اس دھرتی کو دنیا صحرائے تھر کے نام سے جانتی ہے، تھر امن و مہمان نوازی کے لیے مشہور ہے۔بلاول زرداری نے کہا کہ اس ملک میں کوئی آئین نہیں تھا، عوام کے پاس حقوق نہیں تھے، شہید ذوالفقار بھٹو نے طاقت کا سرچشمہ عوام کو بنا یا، جب ظالم ضیاء نے آمریت قائم کرکے قائد عوام کا عدالتی قتل کیا تو شہید بی بی اپنی عوام کی جدوجہد کے لیے عوام کی آواز بنیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پھر ظالم، کٹھ پتلی، سلیکٹڈ اور آمریت کی پیداوار کا راج ہے، آج عوام کی حقوق سلب کیے جارہے ہیں، صوبوں کے حقوق چھینے جارہے ہیں، اب یہ کراچی پر قبضہ بھی کرنا چاہتے ہیں۔بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ یہ آپ کے حقوق پر سودا کرتے ہیں تاہم میں نکلا ہوں ان کو گرانے کے لیے، عمران خان اور ان کے ساتھیوں کو ہٹانے کے لیے نکلا ہوں، عمران خان تو ظالم، سندھ دشمن ہیں اور یہ ستارے والے بھی دھرتی کے غدار ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول کا کہنا تھا کہ یہ کٹھ پتلی ستارے والے، عمران خان کی پالیسی کا ساتھ دے رہے ہیں، اب جمہوریت خطرے میں ہے، آپ میرے ساتھ ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت مجھے نہیں روک سکے گی، اس کٹھ پتلی حکومت کو گرائیں گے اور عوام کے مسائل کا حل نکالیں گے۔انہوں نے کہا معاشرے میں آج ہر طبقے کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، غریب دشمن حکومت عوام کا خون چوس رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے عوام کا ساتھ چاہیے، وفاق سے حقوق چھین کرعوام کی خدمت کریں گے۔