نواز شریف ہشاش بشاش اسپتال پہنچے( فردوس عاشق) بیان بازی بند نہ ہوئی تو حالات قابو میں نہیں رہینگے، ن لیگ

493
اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم مشترکہ پریس کانفرنس کررہے ہیں
اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم مشترکہ پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا ہے کہ جب کیمرے کی آنکھ آپ کو سب کچھ دکھاتی ہے تو آپ اس کو جھٹلا نہیں سکتے، سب نے دیکھا کہ نواز شریف ہشاش بشاش، ہاتھ ہلاتے ہوئے اسپتال پہنچے، کیونکہ یہ فلم کی شوٹنگ تھی،حکومت کو کسی سیاسی مخالف کو زہر دینے کی ضرورت نہیں، ان کی کرپشن ہی سب سے بڑا زہر ہے جبکہ ن لیگ کے رہنمائوں کا کہنا ہے حکومتی بیان بازی بند نہ ہوئی تو حالات قابو میں نہیں رہیں گے۔ کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کچھ دیر پہلے ن لیگی رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران میری دل کھول کرتعریف کی گئی، بغض عمران کی پریس کانفرنس میں جو زبان استعمال ہوئی مذمت کرتی ہوں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رات 12بجے نوازشریف کواسپتال منتقل کیا جارہا تھا ساتھ ایک بیان آیا کہ زہر دینے کی کوشش کی گئی۔ باہرسڑکوں پرآگ لگائی جا رہی تھی، حکومت نوازشریف کی بیماری کے حوالے سے سیاست نہیں کر رہی، مریض نیب سے اسپتال جارہا تھا تو جھنڈے، ورکرزاکٹھے اس وقت ہوتے جب پلاننگ کی گئی ہو۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ میں ڈاکٹر ہوں لوپرین خون پتلا کرنے کے لیے دی جاتی ہے، لوپرین جب دوائی دی جاتی ہے توسب سے پہلے پلیٹ لیٹس گرتے ہیں، اسی وقت نوازشریف کوکہا گیا ٹیسٹ کرنا ہے تو انہوں نے کہا عدنان کریں گے۔معاون خصوصی کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوں گے اور یہ فلم کی شوٹنگ چند روز تک چلتی رہے گی، یہ دھرنے کا اسکرپٹ لکھنے والوں کا ہی ایک پارٹ ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت نے نوازشریف کو طبی سہولتوں سے متعلق بے حسی کا مظاہرہ کیا، سابق وزیراعظم کے پلیٹ لیٹس 10 ہزار سے نیچے گر گئے ہیں۔ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پلیٹ لیٹس 20 ہزار سے کم ہوجائیں توزندگی کوشدیدخطرہ لاحق ہوجاتا ہے۔ کل نوازشریف کے ذاتی معالج نے پلیٹ لیٹس رپورٹ سے آگاہ کر دیا تھا۔ نوازشریف کی رپورٹس ردی کی ٹوکری میں پھینک دی گئیں۔ حکومتی رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہمارے قائد کو کچھ ہوا توعمران خان ذمے دار ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور میاں محمد نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کی صحت کے بارے میں تشویشناک خبریں مل رہی ہیں، مریم نواز کی میڈیکل رپورٹ فیملی کے ساتھ شیئر نہیں کی جا رہی، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سزائے موت کی بیرک میں رکھا گیا ہے، انہیں طبی سہولتیں فراہم نہیں کی جا رہیں۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بیماری پربھی سیاست کرتی ہے، پی ٹی آئی معیشت کے لیے نائن الیون ثابت ہوئی ہے۔