پی ایم ڈی سی کے خاتمے اور ایم ٹی آئی ایکٹ کو مسترد کرتے ہیں، لیاقت بلوچ

366

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پی ایم ڈی سی کے خاتمے اور میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ( ایم ٹی آئی) ایکٹ کے آرڈی نینس کو مسترد کرتے ہیں،حکومت عوام کی صحت کے ساتھ مجرمانہ کھیل کھیل رہی ہے ، وزیراعظم ماضی کے حکمرانوں کا رونا رو کر اپنی نااہلی اور ناکامی پر پردہ نہیں ڈال سکتے،عمران خان نے اپوزیشن کے احتجاج سے خوف زدگی میں بزدلی کا آخری درجے کا راستہ اختیار کر لیاہے،مسئلہ کشمیر میں تاخیر ، غفلت اور بزدلی صدیو ں کا دبائو ڈال دے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ،حکومت عوام کی صحت کے ساتھ مجرمانہ کھیل کھیل رہی ہے،جماعت اسلامی وفاق کے پی ایم ڈی سی کے خاتمے اور پنجاب حکومت کے ایم ٹی آئی ایکٹ کے آرڈی نینس کو مسترد کرتی ہے ۔ وزیراعظم عمران خان ماضی کے حکمرانوں کا رونا رو کر اپنی نااہلی اور ناکامی پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ ماضی میں حکمرانوں کی کرپشن کے ساتھ معیشت جس سطح پر تھی ، حکومت اسے برقرار رکھتی ، بہتر کرتی ، عوام کو ریلیف دیتی لیکن عدم حکمت ، تکبر اور نااہلی کی وجہ سے جی ڈی پی ، روپے کی قدر ، سرمایہ کاری کا حجم ، معاشی سرگرمیاں گر گئیں جبکہ افراط زر ، بے روزگاری اور مہنگائی کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان نے اپوزیشن کے احتجاج سے خوف زدگی میں بزدلی کا آخری درجے کا راستہ اختیار کر لیاہے ۔ حکومت اپوزیشن کے احتجاج اور آزادی مارچ کو ریاستی طاقت سے روکے گی تو نہ ختم ہونے والے احتجاج کی بنیاد پڑ جائے گی ۔ حکومت آمرانہ اور فاشسٹ حربے اختیار نہ کرے ، اپوزیشن کے پرامن ، آئینی ، سیاسی اور جمہوری احتجاج کا حق تسلیم کیا جائے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لاک ڈائون کے ذریعے 80 دن سے ظلم کی انتہا اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کر رہاہے، دوسری جانب پاکستان کے خلاف آبی جارحیت اور کنٹرول لائن پر فائرنگ ، گولہ باری ، دہشت گردی کرتا ہی چلا جارہاہے ۔ نریندر مودی خطے کو خطرناک جنگ کی جانب دھکیل رہاہے ۔ پاکستان کے پاس قومی کشمیر پالیسی ، مؤثر سفارت کاری کا روڈ میپ اور جہاد فی سبیل اللہ کا ہی آپشن ہے ۔ تاخیر ، غفلت اور بزدلی صدیو ں کا دبائو ڈال دے گی ۔