حکومت خود اسلام آباد کو بند کررہی ہے‘ بلاول زرداری

207

اسلام آباد (صباح نیوز+،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ حکومت نے خود اسلام آباد کا لاک ڈائون کر دیا اور خود اسلام آباد بند کر رہی ہے، یہ پہلی بار ہو گا جہاں حکومت خود اپنے دارالحکومت کو خود لاک ڈائون کرا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں جن کے استعفے سے سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ یہ حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات سے دور رکھ کر پی پی پی پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے، افسوس ہے کہ آصف زرداری کے علاج کے حوالے سے ڈاکٹروں کی بات بھی نہیں مانی جا رہی۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود کہا تھا کہ ہم اپوزیشن کو احتجاج کے لیے کنٹینر اور کھانا دیں گے، انہیں اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے، عمران خان صاحب کو سمجھنا چاہیے کہ احتجاج جمہوری حق ہے، افسوس کی بات ہے کہ حکومت خود اسلام آباد بند کررہی ہے، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا کہ آپ مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے عدلیہ اور نیب پر دباؤ میں ڈالیں۔بلاول زرداری نے کہا کہ ہم اس کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کریں گے اور اسے گھر بھیجیں گے، جمہوریت کی بحالی، معیشت کی درستی اور میڈیاکی آزادی کی راہ میں عمران خان رکاوٹ ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ وہ خود ہیں اس لیے استعفا دے کرعوام کی جان چھوڑیں، ان سے استعفا لیکر سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔