فضل الرحمن کے غبارے میں بہت ہوا بھر گئی ، جلد پھٹنے والا ہے، شیخ رشید

629

راولپنڈی (اے پی پی + مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کے غبارے میں بہت ہوا بھر گئی ہے لیکن یہ غبارہ جلد پھٹنے جارہا ہے، لٹھ بردار جتھوں کو امن خراب نہیں کرنے دیا جائے گا، اگر کسی نے ایسا کیا تو قانون حرکت میں آئے گا، پاکستان کو باہر سے نہیں اندر سے خطرہ ہے۔ راولپنڈی میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں مہنگائی مسلم لیگ ن اور پی پی کی وجہ سے ہوئی ہے، نواز شریف اور آصف زرداری نے 5،5 سال تک کرپشن کی لیکن عمران خان نے معیشت کا پہیہ چلا دیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ استعفا مانگنا صرف سیاسی نعرہ ہوتا ہے، مولانا فضل الرحمن سے کشمیر کا کوئی تعلق نہیں، وہ صرف سہولیات لینے کے لیے کشمیر کمیٹی میں رہے، وہ پہلی بارسیاسی جماعتوں کی قیادت کرنے جارہے ہیں۔ ان کے غبارے میں بہت ہوا بھر گئی ہے لیکن یہ غبارہ جلد پھٹنے جارہا ہے، عوام کو ڈنڈا بردار افراد کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ مولانا فضل الرحمن کو فیس سیونگ دے دینی چاہیے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ شہباز شریف ، سعد رفیق اور خواجہ آصف اچھے انسان ہیں لیکن میرا شہباز شریف کے سوا کسی سے رابطہ نہیں، یہاں تک کہ چودھری نثار سے بھی نہیں، امید ہے معاملات بہتر سمت جائیں گے۔پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ مودی بہت خطرناک ہے، وہ ہندو بالادستی اور سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت چاہتا ہے، پاکستان کی سرحدوں پر کلسٹر بموں کا استعمال ہورہا ہے، میں جنگ دیکھ رہا ہوں، پاکستان کے پاس پاوَ اور آدھا پاوَ کے بم بھی ہیں۔