امریکی وزیر دفاع کے بعد اسپیکر کا دورہ افغان صدر سے ملاقات

340
کابل: امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ تصویر بنوا رہی ہیں
کابل: امریکی کانگریس کی اسپیکر نینسی پلوسی افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ تصویر بنوا رہی ہیں

کابل (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے ایوان نمایندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور کانگریس کے اعلیٰ ارکان غیر علانیہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نینسی پلوسی اتوار کی شام کابل پہنچیں، جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی، امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر اور امریکی فوج کے کمانڈروں اور فوجیوں سے ملاقاتیں کیں۔ نینسی پلوسی نے افغانستان کا دورہ ایسے موقع پر کیا جب امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر بھی اسی روز افغانستان پہنچے۔ ہاؤس اسپیکر اور وزیر دفاع کے ایک ہی روز دورہی افغانستان کو اتفاق قرار دیا جا رہا ہے۔ جب کہ مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ ان کے دورے کا مقصد امن معاہدے کا حصول ہے اور آگے بڑھنے کا یہی بہترین طریقہ ہے۔ نینسی پلوسی کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شدید مخالف سمجھا جاتا ہے اور انہوں نے صدر کے مؤاخذے کی تحقیقات کا بھی اعلان کر رکھا ہے، جب کہ ان کے اچانک دورہی افغانستان کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ نینسی پلوسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے لیے ہونے والی کوششوں سے متعلق ان کے وفد کو امریکی سفارت کاروں نے بریفنگ دی۔ انہوں نے افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ، سول سوسائٹی کے رہنماؤں اور خواتین سے بھی ملاقاتیں کیں۔ نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ قیام امن کے لیے مذاکرات میں افغانستان کی خواتین کی شمولیت بھی ضروری ہے۔ نینسی پلوسی نے مزید کہا کہ ان کے وفد نے کرپشن سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیا ہے، جو افغانستان کی سیکورٹی اور افغان عوام کے مستحکم اور خوشحال مستقبل کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ انہوں کہا کہ ہمیں افغانستان کے حالیہ صدارتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر سے متعلق بھی معلوم ہوا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس کے نتائج جلد سامنے آجائیں گے۔ دوسری جانب مارک ایسپر کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ وہ ایک سیاسی معاہدے پر پہنچ جائیں گے۔