حکومتی دعوے دھرے رہ گئے ، 30 فیصد کچرا بھی نہیں اٹھایا گیا

98

کراچی(اسٹا ف رپورٹر) سندھ حکومت کی 30روزہ صفائی مہم کے دوران شہر سے30فیصد کچرا بھی ا ٹھا یا نہیں جا سکا ہے، کچرا اٹھانے کے بلند وبانگ دعوے دھرے رہ گئے ہیں۔ صفائی مہم کے 30روز بعد بھی کراچی کی حالت جوں کی توں ہے ،تفصیلات کے مطابق کراچی کو کچرے اور گندگی سے صاف کرنے کیلیے سندھ حکومت کی صفائی مہم کو30روزمکمل ہوگئے ہیں 30روز گزرنے کے باوجود ہے شہر کی حالت تبدیل نہیں ہوسکی ہے۔صفائی مہم کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے بھی کیے لیکن اس کے باوجود آج بھی شہر کا بڑا حصہ گندگی کے ڈھیر سے اٹا ہوا ہے ،کراچی کے تمام اضلاع میں آج بھی جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر موجود ہیں ، شہر کو صاف کرنے کیلیے ایک کے بعد ایک مہم چلائی جا رہی ہے ۔اس سے قبل وفاقی حکومت نے بھی کراچی میں صفائی کے حوالے سے مہم چلائی اور کراچی کے عوام سے لاکھوں روپے فنڈز اکٹھے کیے اس کے بعدسندھ حکومت نے 21ستمبر سے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کیا تھا،صفائی مہم کے باوجود شہر کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آسکی ہے ، لیاری کی گلیاں سیوریج کے پانی سے تباہ حال ہیں، مکینوں کیلیے گھروں سے نکلنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے ، گلشن اقبال ،گلستان جوہر،لیاقت آباد،اورنگی ٹائون ،کورنگی ،ملیر کالا بورڈ،لیاقت آباد،شیرشاہ،کیماڑی سمیت دیگر علاقوں میں سڑک گندے پانی کا تالاب بنی ہوئی ہے۔سندھ سرکار کی مہم کراچی والوں کو مطمئن نہیں کرسکی ہے۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ایک ماہ طویل ’’کلین مائی کراچی‘‘ مہم کی آج979941 ٹن اس خوبصورت شہر کراچی سے کچرا اٹھانے کے ساتھ ختم ہوئی مگر یہ کاوش تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی ذمے داری کی صورت میں آئندہ بھی جاری رہے گی۔یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج وزیر اعلیٰ ہائوس میں ڈپٹی کمشنر ز کو کچرا اٹھانے کے کام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ جائزہ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ ،وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری بلدیات روشن شیخ، کمشنر کراچی افتخار شالوانی ، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی آصف اکرام، ایڈیشنل سیکرٹری سی ایم ہائوس فیاض جتوئی و دیگر نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو اس کامیاب مہم کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ نے شہر کو صاف رکھنے کے حوالے سے طریقہ کار بتاتے ہوئے طویل المدتی اور قلیل المدتی پلان دیے۔