میئر کے منظور نظر افسران بلدیہ کو لوٹ رہے ہیں،کرم االلہ وقاصی

196

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اپوزیشن لیڈر کرم اللہ وقاصی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کی کرپشن انتہاء کو پہنچ گئی ہے، کراچی کے عوام کو اندھیرے میں رکھ کر بلدیہ عظمیٰ کے بجٹ کو بے دریخ طر یقے سے لوٹا جارہا ہے،میئر کراچی وسیم اختر اختیارات کا رونا رو کر اپنی جان چھڑاتے رہیں گے اور کراچی کے شہریوں کو کرپشن اور ڈینگی کی وبا میں مبتلا رکھیں گے۔کرم اللہ وقاصی نے مزید کہا کہ مچھرمارمہم کے سلسلے میں میڈیا کودیا گیامیئرکابیان خود ان کی نااہلی کو ثابت کرتا ہے،فنڈزنہ ہونے کارونا افسوس ناک ہے۔ انہوںنے کہا کہ کونسل سے منظورشدہ بلدیہ عظمیٰ کا بجٹ مکمل طورپر میئرکراچی کی دسترس میںہے، محکمہ میونسپل سروسز(فیومی گیشن) کو تنخواہوںکی مد میں و 47کروڑ 75لاکھ 23ہزار روپے تنخواہوں کی مد میں ادائیگی کی جارہی ہے جبکہ ایک کروڑروپے محکمے کی اسپرے گاڑیوں اور ایندھن کی مدمیںاور ایک کروڑروپے دواکی خریداری،35لاکھ روپے گاڑیوںکی دیکھ بھال اور17لاکھ روپے اسپرے مشین کی خریداری کے لیے دیے جارہے ہیں۔اس کے باوجود میئرکراچی کایہ کہنا کہ گاڑیوںکی مرمت اورادویہ کی خریداری کے پیسے نہیںہیں انتہائی شرمناک ہے۔انہوںنے کہا کہ متذکرہ محکمے کو ہمیشہ سینئر ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن مسعود عالم نے چلایا ہے جو میئر کراچی کے دست بازو ہیں اور محکمے کو دونوں ہاتھو ں سے لوٹ رہے ہیں دوہری شہریت کے حامل آفیسر نے محکمے کو تباہ کرکے رکھ دیاہے،انہوں نے کہا کہ سانحہ 12مئی کے دہشت گرد جو میئر کراچی کے زیر سایہ ہیں ان کی غیر قانونی طور پر جوائننگ اور پوسٹنگ کمائی والی جگہوں پرکی گئی ہے اوربھتے کی تمام تروصولی ان ہی ملزمان کے ذریعے کی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ عدالت سے سزایافتہ افسران کاٹولہ بلدیہ عظمیٰ کو مسلسل تباہ کررہاہے۔