کلری: 2 گروپو ں میں تصادم، تیز دھار آلے کے وار سے 4 افراد زخمی

159

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کلری میں پانی کے چھڑکاؤ پر 2 گروپوں میں تصادم کے دوران 4 افراد تیز دھار آلے کے وار سے زخمی ہوگئے ، پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کلری کے علاقے آئی سی آئی پل کے قریب پانی کے چھڑکاؤ پر 2 گروپوں میں لڑائی جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے 4 افراد زخمی ہوگئے ،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی ، پولیس نے زخمیوں کو ایمبولنس کے ذریعے فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں پر زخمیوں کی شناخت 40 سالہ محمد سالار ولد دلبر، 20 سالہ انعام ولد امروز خان ،20 سالہ لعل زادہ ولد قمر خان اور ظاہر ولد رسول شاہ کے ناموں سے ہوئی ہے ، ایس ایچ او سجاد حیدر نے بتایا ہے کہ ہوٹل ملازمین اور پان کے کیبن والوں میں پانی کے چھڑکاؤ سے منع کرنے پر تلخ کلامی کے بعد ہاتھ پائی ہوگئی، اس دوران تیز دھار آلے کے پے درپے وار سے 4 افراد زخمی ہوگئے، جن کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد گھر روانہ کر دیاگیا، تاہم لڑائی میں چھری سے زخمی کرنے والے 3 افراد کو گرفتارکر لیا گیا۔