سابق سیکرٹری اطلاعات سمیت 4 ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

308

کراچی( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے محکمہ اطلاعات سندھ کرپشن ریفرنس میں سابق سیکرٹری اطلاعات ذوالفقار شالوانی سمیت 4 ملزمان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جسٹس کے کے آغا اور جسٹس عمر سیال پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو محکمہ اطلاعات سندھ میں 5 ارب 76 کروڑ روپے کرپشن ریفرنس میں سابق سیکرٹری اطلاعات ذوالفقار شالوانی، الطاف میمن، یوسف کابورو، سارنگ چانڈیو کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ پراسیکیوٹر نیب نے موقف دیا کہ اس کیس میں شرجیل میمن کی ضمانت ہائیکورٹ نے منظور کی ہے۔ ہائیکورٹ کے فیصلے کوعدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا ہے۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے تک سماعت ملتوی کی جائے۔ درخواست گزاروں کے وکیل شوکت حیات نے نیب درخواست کی مخالفت کردی۔ شوکت حیات ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ درخواست گزار کئی برسوں سے جیل میں ہیں۔ نیب کورٹ میں 2016 ء سے ریفرنس چل رہا ہے ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا۔ شریک ملزمان کا کرپشن سے کوئی تعلق نہیں۔