جسٹس وجیہ کا نابیناؤں کے ملازمت کوٹے میں اضافے کا مطالبہ

205

کراچی (پ ر) عام لوگ اتحاد کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہ الدین نے نا بینا افراد کیلیے مختص ملازمتوں کے کوٹے میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔ عالمی وائٹ کین سیفٹی ڈے کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ معذور افراد کیلیے 5 فیصد ملازمتوں کا کوٹہ میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر تقسیم ہونا چاہیے۔ اس میں یقیناً نابینا افراد کا بھی ایک واضح حصہ بنتا ہے۔ موجودہ حکومت بھی کچھ مثبت اقدامات کر رہی ہے، جس میں احساس اور کامیاب نوجوان پروگرام شامل ہیں۔ معیشت کی مخدوش صورتحال میں اس طرز کے مزید پروگراموں کی بہت ضرورت ہے۔ اس موقع پر سندھ اسمبلی کے رکن ارسلان، ادارے کے صدر انور مسیح اور وکلا بھی موجود تھے۔ جسٹس وجیہ نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے اور اپنی آنکھوں کی حفاظت کرنی چاہیے، اور خاص طور پر اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ بچے کم روشنی میں نہ پڑھیں۔ مزید برآں اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کا استعمال بھی انتہائی احتیاط سے کرنا چاہیے۔ اور جو بصارت سے محروم ہیں انہیں بھی اللہ کی ذات سے مایوس نہیں ہونا چاہیے کیونکہ فی زمانہ کچھ اس نوعیت کی دریافتیں ہورہی ہیں جس سے نابینا افراد اگر دیکھ نہیں سکتے تو اس کا متبادل انہیں میسر آنے کی توقع کی جاسکتی ہے۔