سندھ حکومت نے ساڑھے 4لاکھ ٹن کچرااٹھانے کا دعویٰ کردیا

101

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مجھے قوی امید ہے کہ وزیر اعظم کے کراچی دورہ پر ان کی پارٹی کے رہنما ان سے ضرور سوال کریں گے کہ آپ کے 162ارب روپے کے کراچی پیکیج کا کیا ہوا؟۔ صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ کیا کہ وزیر اعظم کے اعلان کے بعد حیدرآباد میں یونیورسٹی بن گئی اور تھر میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال کے قیام کا وعدہ کہاں گیا ؟ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تحریک انصاف باتوں سے نکل کر کام پر توجہ دے، علی زیدی نے کراچی کلین مہم کے نام پر شہر میں کچرا پھیلایا، سندھ حکومت کو گند صفا کرنی پڑی۔علاوہ ازیں سندھ اسمبلی بلڈنگ کے میڈیا کارنر پر پریس کانفرنس کرتے انہوں نے کہا کہ 30روز کے دوران کراچی کے 6 اضلاع سے ڈی ایم سیز اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تعاون سے مجموعی طور پر 4 لاکھ 64ہزار 390 ٹن کچرا اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30روز کی صفائی مہم میں یہ کچرا لینڈ فل سائٹ تک پہنچایا گیا اور میں صفائی مہم میں حصہ لینے والے افسران و عملہ کی خدمات کو سراہتا ہوں۔ مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ صفائی مہم میں شہریوں کے تعاون کا بھی شکر گزار ہوں جس کی وجہ سے تمام کام درست سمت میں کیے گئے۔