پلاسٹک سے بنے انڈوں کی فروخت کا انکشاف، 102 کریٹ برآمد

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ فوڈ اتھارٹی نے عوامی شکایت پر کلفٹن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پلاسٹک سے بنے انڈے فروخت کرنے والے 2ملزمان کو گرفتار کر کے انڈوں کے102 کریٹ برآمد کر لیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کلفٹن میں پلاسٹک سے بنے انڈے فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی نے پولیس کے ساتھ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں کارروائی کی۔ اس حوالے سے سندھ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ ایک فیملی کی شکایت موصول ہونے کے بعد کارروائی کی گئی۔ پلاسٹک سے بنے انڈوں کی فروخت کی شکایت پر دکان پر چھاپا مارا گیا۔ دکان سے پلاسٹک کے انڈوں کے دو کریٹ برآمد ہوئے اور2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ ابتدائی جانچ پڑتال کے مطابق انڈے پلاسٹک مٹیریل سے بنائے گئے ہیں۔ انڈوں کی مزید جانچ کے لیے انہیں لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ سندھ فوڈ اتھارٹی کے مطابق انڈے سپلائی کرنے والی گاڑی سے بھی 100سے زائد کریٹ برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار ملزمان نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا ہے کہ مذکورہ انڈے گھارو سے کراچی لا کر سپلائی کیے جاتے ہیں۔