طبقاتی نظام نے محنت کشوں کا استحصال کیا ہے،شمس الرحمان سواتی

369

رپورٹ:قاسم جمال
ملک میں ستر سال سے جاگیر داروں اور مراعات یافتہ طبقہ کا قبضہ ہے۔ مظلوموں کو اپنے حقوق کیلئے متحد ہونا ہوگا۔ این ایل ایف آجر اور اجیر کے درمیان دورین کو ختم کر رہی ہے۔ محنت کشوں کو اس کا حق دیے بغیر کوئی ادارہ اور ملک ترقی نہیں کر سکے گا۔یہ بات نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی نے این ایل ایف سیالکوٹ کے تحت گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں ایک بڑے استقبالیہ اور مزدور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر ملک محمد اشرف، این ایل ایف سیالکوٹ کے صدر ملک وارث،ڈاکٹر شکیل ٹھاکر، فریاد حسین شاہ ،وحید ڈار،اسد باجوہ ،خرم انور خواجہ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ این ایل ایف ملک کی وہ واحد مزدور فیڈریشن ہے جو کہ اسلامی نظام حیات کے اصولوں کے مطابق جدوجہد کر رہی ہے ۔محنت کش اللہ کا دوست ہے لیکن اللہ کے دوست کے ساتھ اس ملک میں جو ظلم اور جبر کیا جا رہا ہے وہ ناقابل بیان ہے ۔محنت کشوں کے ادارے محنت کشوں کے بجائے سرمایہ داروں کے مفادات کے محافظ بنے ہوئے ہیں اورظلم کا نظام جاری ہے۔ محنت کشوں کے حقوق غضب کیے جارہے ہیں۔ بین الاصوبائی یونین کا جوازبنا کر ٹریڈیونین سرگرمیوں کو تباہ اور اس پر قدغن لگائی جا رہی ہے ۔ٹھیکہ داری نظام محنت کشوں کا استحصال کر رہا ہے ۔سوشل سیکورٹی ،ای او بی آئی ،ورکرز ویلفیئر بور ڈمیں کرپشن انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پونے سات کروڑلیبر فورس موجو د ہے۔ اس میں بمشکل آٹھ لاکھ منظم ہیں اور باقی غیر منظم ہیں۔ نیشنل لیبر فیڈریشن ان غیر منظم محنت کشوں کو منظم کرنے کے لیے جدوجہد کا آغاز کر رہی ہے اور ہم کم از کم ایک کروڑ غیر منظم محنت کشوں جو کہ کھیت کا مزور،کھلیان کا مزدور، گھروں پر کام کرنے والے مزدور، راج مستری، ٹھیلہ لگانے والے، رکشہ ٹیکسی چلانے والے مزدور ں کو منظم کریں گے۔ اس کے لیے ہم نے جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کو حقوق متحد ہوکر ہی حاصل ہوں گے۔ ملک میں مہنگائی بے روزگاری کا راج ہے۔ وفاقی وزیر فواد چودھری نے چارسو اداروں کو بند کرنے کا اعلان کر کے حکومت کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ ہمیں بھی عمران خان کی حکومت سے کوئی امید نہیں ہیں۔ این ایل ایف بھی تیار ہے۔ حکومت نے چار سو ادارے بند کیے تو پھر پورے ملک میں دمادم مست قلندر ہوگا۔ سابقہ اور موجودہ حکومتوں نے پہلے ہی پاکستان اسٹیل ،پی آئی اے ،ریلوے ،واپڈا کو تباہ کردیا ہے اور ہر آنے والا دن ان اداروں کو اور زیادہ تباہی کی جانب دھکیل رہا ہے۔ پی آئی اے کے ہیڈ آفس کی منتقلی کے کھربوں کے اخرجات آئیں گے، ان پیسوں سے نئے جہاز خریدے جا سکتے تھے مگر نااہل افراد کو کسی ادارے میں مسلط کردیا جائے تو اس طرح کی صورت حال ہی ہوتی ہیں۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کا ماضی انتہائی شاندار اور درخشاں ہیں۔ این ایل ایف نے پاکستان میں ٹریڈیونین سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اسلامی مزدور تحریک کے طور پر خود کو بین الاقوامی سطح پر منوایا ہے ۔سیالکوٹ چیمبرآف کامرس کے صدر ملک محمداشرف نے کہا کہ محنت کشوں کی خوشحالی سے ہی پاکستان کی خوشحالی اور ترقی ہے ۔این ایل ایف نے اپنی جدوجہد کے زریعے اپنا مقام بنایا ہے اور محنت کشوں کے مسائل حل کیے ہیں اور صنعتی ماحول میں بہتری پیدا کرنے میں این ایل ایف کا اہم کردار ہے۔ این ایل ایف سیالکوٹ کے صدر ملک وارث نے کہا کہ این ایل ایف اسلامی مزدور تحریک کی پشتبان ہے اور این ایل ایف نے سرخ آندھی کو دیس نکالا ہے ۔ہم حکمرانوں کو ٹریڈ یونین کی آزادی سلب نہیں کرنے دینگے اور محنت کشوں کا استحصال کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے۔ فریاد حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مزدور ایک طاقت اور قوت ہیں ۔مزدوروں کو اپنی قوت کو پہچاننا ہو گا۔ محنت کشوں کے سامنے بڑی سے بڑی قوت بھی نہیں ٹہر سکے گی۔ این ایل ایف محنت کشوں میں انقلابی کام کر رہی ہے ۔علاوہ ازیں نیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے حکومت کی جانب سے عوام کو نوکریاںنہ دیے جانے اور400 محکموں کو ختم کیے جانے کے اعلان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے انتخابی وعدے سے انحرف کررہی ہے ملک میں غربت، مہنگائی کاراج ہے ہرشخص نوکری ڈھونڈرہاہے۔ لیکن حکومت عوام کو نوکریاں فراہم کرنے کے بجائے انہیں بھوکا مار رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی وزیرفواد چودھری کابیان مزدوروں کے زخموںپرنمک پاشی ہے حکومت کی یوٹرن کی پالیسی عوام کے لیے عذاب بن گئی ہے ۔حکومت عوام کوریلیف نہیں دے سکتی تو مستعفی ہوجائے۔ IMF اورولڈبینک کی پالیسیاں پاکستان کی معیشت کوتباہ کردے گی۔