عمران خان مدت پوری نہیں کرسکیںگے‘ پیپلزپارٹی مارشل لاکی مزاحمت کرے گی‘ بلاول

383

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زردری نے کہاہے کہ حکومت سمجھے،ملک چلانا کرکٹ میچ نہیں، حکمران پارلیمنٹ پر تالا لگائیں گے تو سیاسی جماعتیں مجبور ہوںگی،ملک میں مارشل لا لگا تو پیپلزپارٹی بھرپورمزاحمت کرے گی،مجھے نہیں لگتا کہ وزیراعظم عمران خان مدت پوری کر سکیں گے ،عوام کے مسائل صرف جمہوری دور میں ہی حل ہوسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوار کو وزیر ِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ساتھ جناح اسپتال میں کینسرکے مریضوں کے علاج کے لیے قائم سائبرنائف سیکشن کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلاول کی آمد پر جناح اسپتال کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے ان کا استقبال کیا،ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کرایا، علاج اور سہولتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پرریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی نے بلاول او ر وزیر اعلیٰ کو شیلڈ بھی پیش کی ۔دورے کے بعد صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں بلاول زرداری نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت 5 سالہ مدت پوری نہیں کرے گی، عوام کے مسائل کاحل جمہوریت میں ہے ،ملک میں مارشل لا جیسی صورتحال پیدا ہوئی تو ماضی کی طرح آئندہ بھی بھر پور کردار ادا اور ملک میں غیرجمہوری حکومت کے خلاف مزاحمت کریں گے۔ بلاول زرداری نے کہاکہ لاڑکانہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 11 پر غیرجانبدار اداروں کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ لاڑکانہ میں کم ٹرن آؤٹ کی صورت میں ضمنی انتخاب میں بے ضابطگی ہوئی، پی ایس 11 میں پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کی شرح کو سست ریکارڈ کیا گیا، سچ کو چھپایا نہیں جا سکتا، ہم اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گے اوردوبارہ انتخابات کرا کر اس نشست کو جیتیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان ملک کے حالات اس نہج پرلے آئے ہیں کہ کراچی سے کشمیر تک ہرطبقہ پریشان ہے،حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان میں صلاحیت نہیں کہ اپنی مدت پوری کر سکیں،نام نہاد جمہوریت میں ہم جدوجہد کر رہے ہیں، اگر مارشل لا لگے گا تو پیپلز پارٹی اپنا جمہوری کردار ادا کرے گی، تمام سیاسی جماعتوں کی کوشش ہونی چاہیے کہ کسی کو آمریت کا موقع نہ دیں،عوام کے مسائل کا حل جمہوریت میں ہے ۔بلاول کا کہنا تھا کہ تاجروں سمیت ہر کوئی حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہے، مسائل حل نہیں ہوںگے تو ملک انارکی کی طرف جائے گا،حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ ملک چلانا کوئی کرکٹ میچ نہیں ہے، وزیراعظم کا فرض ہے کہ وہ عوام میں اپنا اعتماد پیدا کریں۔انہوںنے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے، صوبے میں غریب کو علاج مل رہا ہے، پرائیویٹ سیکٹرز کیساتھ مل کرصحت کی اچھی سہولتیں مہیا کر رہے ہیں، ہم نے مل کر عوام کے مسئلے حل کرنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائبر نائف کی پوری دنیا میں 300 مشینیں ہیں، ہم یہاں کینسر کا مفت علاج کر رہے ہیں جو دنیا میں کہیں نہیں ملتا، سائبر نائف کی دوسری مشین کا بھی بندو بست کر رہے ہیں۔