کنٹرول لائن پر شدید جھڑپیں‘9بھارتی فوجی ہلاک‘2بنکر ز تباہ

256
نوسیری: بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے جاں بحق شہریوںکی نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے، چھوٹی تصویر میں اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں
نوسیری: بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ سے جاں بحق شہریوںکی نماز جنازہ ادا کی جارہی ہے، چھوٹی تصویر میں اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں

راولپنڈی/اسلام آباد(اے پی پی+صباح نیوز)بھارتی کی کنٹرول لائن کے مختلف سیکٹرز کی سول آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولا باری کے نتیجے میں پاک فوج کے جوان سمیت 6شہری شہید اور 5زخمی ہوگئے جبکہ پاک کی بھر پور جوابی کارروائی میں 9بھارتی فوجی ہلاک ،متعدد زخمی اور 2بنکرز تباہ ہوگئے ، بھارتی فوج نے اپنے سپاہیوں کی لاشیں اور زخمی اٹھانے کیلیے سفید جھنڈا لہرا دیا ۔اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج کی کنٹرول لائن جورا، شاہ کوٹ ،نوسیری سیکٹرز اور سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کا لانس نائیک زاہد اور 5 شہری شہید ہوگئے جبکہ 2 سپاہیوں سمیت 5 شہری زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پاک فوج نے بھارتی اشتعا ل انگیزیوںکا مؤثر جواب دیا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے جبکہ 2بنکرز بھی تباہ کر دیے گئے ہیں۔میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج نے اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھانے اور زخمیوں کو لے جانے کی کوشش میں سفید جھنڈا لہرا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو بلااشتعال سیز فائر خلاف ورزیوں سے پہلے سوچنا چاہیے، بھارتی فوج کو عسکری آداب کا احترام کرتے ہوئے شہری آبادیوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانے کی آڑ میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت کو سیز فائر خلاف ورزیوں کا ہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایل اوسی پر معصوم شہریوں کی حفاظت جاری رکھے گی اور ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائے گی۔ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا آزادکشمیر میں مبینہ کیمپوں کو نشانہ بنانیکا جھوٹا دعویٰ کررہا ہے، بھارتی میڈیا میں اخلاقی جرأت ہے تو پاک فوج کی جوابی کارروائی سے ہونے والا نقصان دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے پچھلے دعوؤں کی طرح یہ بھی جھوٹا ثابت ہوگا اور پاکستانی میڈیا کی اخلاقی اقدار پر عمل کرکے بھارتی میڈیا ذمے درانہ رپورٹنگ کرے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصرین، ملکی، غیر ملکی میڈیا کو آزاد جموں کشمیر میں آزادانہ رسائی ہے جبکہ مقبوضہ جموں کشمیر میں یہ آزادی نہیں ہے۔دوسری جانب پاکستان نے کنٹرول لائن کے مختلف سیکٹرز میں بھارتی فوجی کی بلااشتعال فائرنگ پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرکو دفتر خارجہ طلب کر کے اس اقدام کی مذمت کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 19اور 20اکتوبر کو بھارتی مسلح افواج کی جانب سے کنٹرول لائن پر جورا، شاہ کوٹ اور نوسیری سیکٹرز میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس سے 5معصوم شہری شہید ہو گئے جن میں محمد رفاقت عمر 28سال، حاجی اعظم عمر 60سال، حاجی سرفراز 47سال جبکہ دو آزاد کشمیر کے غیر رہائشی محنت کش باشدے لیاقت اور فیصل شہید ہو گئے جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 6افراد شدید زخمی بھی ہوئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی قابض افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر شہری علاقوں کو آرٹلری اور بڑے خود کار ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کنٹرول لائن کے ساتھ نام نہاد پناہ گاہوں کو ہدف بنانے کی بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کو مسترد کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ علاقائی امن اور سلامتی کے حوالے سے پاکستان نے پی5ممالک سے کہا کہ وہ بھارت سے کہا کہ وہ ان نام نہاد پناہ گاہوں کے ثبوت فراہم کرے۔ پاکستان پی 5ممالک کے سفیروں کو بھارتی جھوٹ بے نقاب کرنے کے لیے ان جگہوں پر دورہ کرانے کے لیے تیار ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے شہریوں کو ٹارگٹ بنانے کا جرم مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنانے کا اقدام انسانی وقار، عالمی انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جو علاقے کی سلامتی اور امن کے لیے خطرہ ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیاکہ وہ 2003ء کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے، گزشتہ روز کے اور سیز فائرز کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرے اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر سیز فائر کا احترام کرے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے پاکستان اور بھارت کے لیے فوجی مبصر مشن کو اجازت دے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حاصل مینڈیٹ کی روشنی میں کردار ادا کر سکے۔ علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے اور جرأت و بہادری کا مظاہرہ کرنے پر پاک فوج کو سلام پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی فائرنگ سے شہید شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کے درجات کی بلندی کے لیے دعاگو ہیں۔وزیراعظم نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔