اقوام متحدہ بھارت کیخلاف چیپٹر 7کے مطابق کارروائی کرے‘ جماعت اسلامی آزاد کشمیر

251

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارت کو جنگی جرائم کا مرتکب ہونے پر چپیٹر7کے مطابق کارروائی کرے، حکومت پاکستان 76دن سے محصور کشمیریوں کی رہائی کے لیے زبانی تقاریر،سیاسی اخلاقی حمایت سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے ،کشمیری 72سال سے پاکستان کی تکمیل ، بقا اور سلامتی کی جنگ لڑرہے ہیں ،سری نگر میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے جنازے پاکستانی پرچموں میں دفنائے جاتے ہیں سری نگر میں بسنے والے پاکستان سے جتنی محبت کرتے ہیں اتنی پاکستان میں بسنے والے پاکستان سے نہیں کرتے ،لال چوک میں ہندوستان کی سنگینوں کے سائے میں پاکستان کا پر چم لہر ا کر اپنے سینوں پر گولیاں کھارہے ہیں اب محض سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی نہیں بلکہ عملی مدد کی جائے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی مجلس شوریٰ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سابق امیر جماعت اسلامی سردار اعجاز افضل خان،نائب امرانورالباری،شیخ عقیل الرحمن، مشتاق ایڈووکیٹ، راجا جہانگیر خان، حریت رہنما غلام محمد صفی،سیکرٹری جنرل راجا فاضل تبسم، مولانا عبدالسمیع،نثار شائق سمیت دیگر قائدین نے بھی گفتگو کی۔ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کی وجہ سے کشمیری عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں ،اجناس ،ادویات ،بچوں کا دودھ سب کچھ ختم ہو چکا کشمیری مُردوں کو اپنے گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں انسانی تاریخ کا المیہ رونما ہونے سے قبل حکومت پاکستان عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ وادی نیلم،لیپہ سمیت پوری کنٹرو ل لائن پر بھارت مقبوضہ کشمیر کے مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے سول آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کررہاہے۔بھارت نے عملاً غیر اعلانیہ جنگ شروع کررکھی ہے ،پاکستان کے حکمران کس کا انتظار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان نے یہ موقع بھی ضائع کیا تو اس کو یہ جنگ سری نگر کے بجائے اسلام آباد میں لڑنا پڑے گی، ہم زیادہ دیر تک اپنے بھائیوں پر ہونے والے مظالم کو برداشت نہیں کرسکتے، بیس کیمپ کے عوام تیار ہیں، حکومت پاکستان جہاد کا اعلان کرے، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ جہاد کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی 24اکتوبر کو کوٹلی میں آئندہ کے لائحہ عمل کر اعلان کرے گی ۔اس موقع پر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ متاثرین زلزلہ میرپور کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت فوری اقدامات کرے فی کس 25لاکھ معاوضہ ادا کرے اور متاثرین کی بحالی کے لیے آزاد کشمیرحکومت کو فوری طورپر فنڈز فراہم کرے ۔