ریاست مدینہ کی تشکیل واسلامی نظام کو یقینی بنایا جائے‘مولانا حقانی

102

نوشہرہ (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا حامد الحق حقانی نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست مدینہ کی تشکیل اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فوری اسلامی نظام کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے، جس سے پاکستان اقتصادی بحران سے نکل سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا حقانی نے کہا کہ کشمیر کاذ میں ہم ملک و ملت اور پاک آرمی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ کشمیر کی آزادی کے لیے
پاکستان اور عالمی سطح پر سیاسی جدوجہد قابل تحسین ہے مگر مودی کی جارحیت انتہائی بھیانک شکل اختیار کرگئی ہے جس کے لیے ٹھوس لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ سیاسی مخالفین سے بات چیت اور مذاکرات کا راستہ فوری اپنایا جائے اور اپوزیشن و حکومت ایک دوسرے کے لیے مغلظات سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی اصلاحات میں علما سے مشاورت اچھی نیت کے ساتھ کیے جائیں،ایسا نہ ہو کہ اس سے علما و طلبہ اورمدارس کی انتظامیہ کی بے چینی بڑھ جائے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مولانا نور الحق قادری وزیرمذہبی امور، نے مولانا حقانی کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے سے زیادہ ملک بھر کے تمام علما کرام کے ساتھ رابطہ میں رہیں گے۔ مدارس اور دینی تعلیم و تربیت ہی سے پاکستان اور پاکستانی قوم یکجا رہ سکتے ہیں۔