شہدائے کربلاکاچہلم،مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمدہوگا

205

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)ملک کی طرح کراچی میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم آج(اتوار)عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ شہر بھر میں مجالس عزا منعقد ہوں گی۔ مرکزی مجلس نشترپارک میں صبح11بجے منعقد ہوگی جس سے مولانا محمد رضا خطاب کریںگے ۔بعد ازاں چہلم کا مرکزی جلو س نشتر پارک سے بر آمد ہوگا جس کی قیادت بوتراب اسکائوٹس کریں گے۔چہلم کے سلسلے میں ایک جلوس مارٹن روڈ شاہ نجف سے بھی برآمد ہوگا یہ جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا نشترپارک کے مرکزی جلوس میں شامل ہوجائے گا۔ انتظامیہ نے چہلم شہداء کربلا کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور شہر کے تمام حساس مقامات خصوصا گرومندر سے کھارادر تک پولیس و رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات ہوں گی ۔ٹریفک کے بھی متبادل انتظامات کیے ہیں ،پبلک ٹرانسپورٹ کو جلوس کے راستوں میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔اسکائوٹس گروپس کی جانب سے جلوس کی گزر گاہوں پر میڈکل موبائل سروس چلائی جائیگی جبکہ مرکزی میڈیکل کیمپ نشتر پارک پر لگایا جائیگا۔نشترپارک، پرانی نمائش اور اس کے اطراف پانی و شربت کی سبیلیں اور استقبالیہ و طبی کیمپ لگادیے گئے ہیں۔