عثمان پبلک اسکول ایک تناور درخت بن چکا ہے، حافظ نعیم الرحمن

304

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عثمان پبلک اسکول سسٹم جو اب ایک تناور درخت بن چکا ہے، یہ اس وقت اپنے پورے فیوض و برکات کے ساتھ شہر میں موجود ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عثمان پبلک اسکول سسٹم کے 2019 کے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے اعزاز ایچ ایم سی آڈیٹوریم ناظم آباد میں منعقدہ تقریب اسناد سے خطاب میں کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آج ایک بہت اچھی تقریب آپ لوگوں نے یہاں منعقد کی ہے ، جن طلبہ و طالبات نے یہاں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے انعامات حاصل کیے ہیں وہ بھی ان کے والدین بھی بہت زیادہ مبارک باد کے مستحق ہیں، اس لیے کہ کوئی طالبہ یا طالب علم جب کارکردگی دکھاتا ہے تو صرف اس کی کارکردگی نہیں ہوتی بلکہ اس کے استادوں اور والدین کی کارکردگی ہوتی ہے، آج کل کے جن حالات میں ہم زندگی گزار رہے ہیں، اس میں ممکن نہیں ہے کہ اگر گھر کی طرف سے سپورٹ نہ ملے، ماں باپ کی طرف سے اور پھر اساتذہ کی شفقت اور محنت نہ ہوں تو بچے اس طرح سے گروم ہوسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کبھی بھی ان سب لوگوں کو نظر انداز نہیں کرنا ہوگا زندگی میں کہ جنہوں نے آپ کی آبیاری کی ہے، ہمیشہ ان کے لیے دعائیں بھی کرنی ہوگی اور کچھ نا کچھ ان کو لوٹانے کی فکر بھی کرنی ہوگی، بہت زیادہ خوشی ہوتی ہے جب ہم ان شاہین اسٹارز کو دیکھتے ہیں جو زندگی کے ایک مرحلے سے گزرے ہیں، ابھی بہت سارے کام باقی ہیں، آپ کو زندگی میں بہت کچھ حاصل کرنا ہے لیکن یہاں یہ بہت ضروری ہے کہ ہم ایک لمحہ ان تمام کامیابیوں کے ساتھ اس بات پر ضرور غور و فکر کریں کہ ایک انسان ہونے کی حیثیت سے اور ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہماری اصل اور حقیقی کامیابی کیا ہے، یہ کامیابیاں ہماری زندگی میں ہمیں اعتماد دیتی ہیں، ہمیں ایک موثر فرد بناتی ہیں، جس کے نتیجے میں ہم اس قابل ہوتے ہیں کہ سوسائٹی میں اپنا لیڈنگ رول ادا کرسکیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ مسلمان کی تو ایک ہی حتمی اور آخری منزل ہے اور وہ ہے جنت میں جانا اللہ کی رضا حاصل کرنا اور آخرت میں سرخرو ہونا، جو وہاں سرخرو ہوگیا حقیقت میں وہی کامیاب ہے اور اگر دنیا کی ساری کامیابی سمیٹ کر بھی خدانخواستہ خدانخواستہ وہاں کامیاب نہیں ہوسکے تو ہم سے بڑا ناکام کوئی نہیں ہوگا اور اگر یہاں کوئی کمی بیشی، کمزوری رہ بھی جائے لیکن ہم وہ کام کرنے میں کامیاب ہوجائے جس سے ہماری آخرت سنور جائے تو وہ حقیقی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جنت کے حصول کا راستہ جو ہمیں قرآن پاک میں بتایا ہے بحیثیت امت کے وہ راستہ ہے کہ پوری دنیا کی قیادت کرنا عدل و انصاف کی بنیاد پر، عدل و انصاف کی بنیاد پر اللہ رب العالمین کی بتائی ہوئی جو تعلیمات ہیں اور جو پورا نظام ہے اس نظام کو دنیا میں برپا کرنے کے لیے جدوجہد کرنا یہ ہر مسلمان کے اوپر لازم ہے واجب ہے، ہم جب چاروں طرف دیکھتے ہیں کہ کفر اور شرک ان جگہوں پر بھی موجود ہیں اور اللہ کی ذات میں برابر کی شراکت داری ان جگہوں پر بھی ہے جہاں پر کافروں کی حکومت ہے، غیر مسلموں کی حکومت ہے لیکن جہاں بائیس بائیس کروڑ مسلمان رہتے ہوں وہاں پر بھی اگر سود کا نظام موجود ہے جو اللہ اور اس کے رسول سے جنگ ہے، وہاں بھی اگر ظلم کا نظام موجود ہوں تو اللہ تعالیٰ ظلم کو پسند نہیں کرتا، وہ عدل کی تعلیم دیتا ہے، وہاں پر بھی اگر لوگوں کے ساتھ زیادتی ہوتی ہو، اور خواہش اور منکرات ان کو مکمل آزادی ہو اور نیک کام کرنا اور اچھا کام کرنا اور اپنا حق لینے کے لیے مشکلات ہی مشکلات ہو ایسا نظام اسلام کا نظام نہیں ہوسکتا یہ وہ نظام ہے جو باطل نظام ہے جو شیطان کا بنایا ہوا نظام ہے ایک مسلمان ہونے کے ناطے اس نظام کو بدلنا ہم پر فرض عین ہے، اس فریضے کو قرآن کی اصطلاح میں کہتے ہیں اقامت دین، دین کی اقامت یعنی دین کو ایک نظام ایک تہذیب ایک معاشرہ ایک خاندان کی صورت میں دنیا کے نقشے میںقائم کرنا۔ تقریب سے خطاب عثمان پبلک اسکول سسٹم کے ڈائریکٹر معین الدین نیئر نے کہا کہ آج کے اس پروگرام کے خصوصی مہمان ہمارے وہ طلبا جنہوں نے مختلف امتحانات میں پوزیشن لی اور ان کے والدین کو آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد، کہ آپ کے بچوں نے نا صرف اپنا، آپ کا بلکہ ہم سب کا نام روشن کیا، جہاں یہ خود مبارک باد کے مستحق ہیں وہاں ان کے اساتذہ اور والدین یہ دونوں بھی اتنے ہی مبارک باد کے مستحق ہیں، آج ایک بڑی تعداد میں ایسے طلبا جن کے چمکتے ہوئے چہرے اور جن کی چمکتی ہوئی پیشانیاں اس بات کی غمازی کر رہی ہیں کہ پاکستان کا مستقل روشن ہے اور انشاء اللہ آنے والے وقتوں میں اس ملک کی نا صرف بلکہ پوری امت کی رہنمائی اور قیادت کی ذمہ داریاں انشاء اللہ آپ لوگ ادا کریں گے، اور ہمارا جو وژن ہے کہ ہم ایک ایسی نسل کی تیاری، آبیاری کر رہے ہیں جو آنے والے وقت میں پوری امت اور اس پوری دنیا کی قیادت کا فریضہ انجام دے سکیں، آپ سب کو بہت بہت مبارک اور دعائیں ہیں کہ آگے آنے والے تمام امتحانات میں اللہ تعالیٰ آپ کو سرفرازی عطا فرمائیں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی میٹرک سائنس بورڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی عثمان پبلک اسکول کی طالبہ ولیہ نور کو ایک لاکھ کا چیک پیش کیا گیا جبکہ عثمان پبلک اسکول سسٹم کی طرف سے جماعت اسلامی کو ایک لاکھ کا چیک دیا گیا۔