سانحہ کارساز کے قاتلوں کی عدم گرفتاری سوالیہ نشان ہے، اسفند یارولی

98

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ سانحہ کارساز کے قاتلوں کی عدم گرفتاری ملک کے ذمے داروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، موجودہ حالات پھر جمہوری قوتوں کیلیے چیلنج بن چکے ہیں، مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ آگے آناہوگا۔سانحہ کارساز کی
12ویں برسی پر جاری پیغام میں سربراہ اے این پی کا کہنا تھا کہ 12سال پہلے کراچی کے مرکزی شاہراہ فیصل پر کارساز کے مقام پر جمہوریت دشمنوں نے جس طرح خون کی ہولی کھیلی وہ پاکستان کی تاریخ کا ایک ساہ ترین باب ہے۔ جمہوریت دشمن قوتوں نے انسانیت کا قتل عام کیا تھا، انہی قوتوں کی وجہ سے پاکستان کئی برسوں سے آگ میں جل رہا ہے۔ اس واقعے میں شہید صرف ایک پارٹی نہیں بلکہ جمہوریت کے شہدا ہیں۔ جب تک ان جیسے واقعات میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک نہیں پہنچایا جاتا، تب تک امن صرف ایک خواب ہی رہے گا۔ اسفندیارولی خان نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو پنپنے کا موقع دینا ہی اس ملک کی بقا ہے، موجودہ حالات ایک بار پھر جمہوری قوتوں کے لیے ایک چیلنج بن چکا ہے اور سیاسی جماعتوں کو متفقہ طور پر مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ آگے آناہوگا۔جمہوریت مخالف قوتیں آج بھی کوشش کررہے ہیں کہ اٹھارویں ترمیم کے خلاف سازش کرکے صوبائی حقوق پر ڈاکہ ڈالیں لیکن ہم انہیں متنبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کی کسی بھی کوشش کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور مذمت سے مزاحمت تک کا راستہ اپنائیں گے۔
اسفند یارولی