حیدرآباد، دودھ کے نرخوں میں اضافے کیخلاف انتظامیہ کی کارروائی

98

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی گراں فروشی کیخلاف لطیف آباد میں کارروائی، نصف درجن بڑی ڈیریوں پر چھاپے، چھے افراد گرفتار، حیدر آباد اور لطیف آباد میں دودھ کی سرکاری قیمت 92 روپے فی لیٹر کے بجائے سو روپے میں فروخت کرنے کی اطلاعات پر اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز احمد صدیقی نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے لطیف آباد نمبر 7 میں واقع شاہ لطیف ڈیری، یونٹ نمبر 8 میں واقع ناگوری ملک شاپ، فاران ڈیری، سندھ ڈیری، حاجی منشی ڈیری سمیت نصف درج بڑی دودھ فروخت کرنے والی دکانوں پر چھاپے مارکر دودھ سو روپے لیٹر اور دہی 140 روپے کلو فروخت کرنے کے الزام میں چھے افراد کو حراست میں لے لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہرگز سرکاری مقرر کردہ قیمت سے زائد دودھ، دہی نہ خریدیں اور ناجائز منافع خوری کی فوری اطلاع دیں۔ حیدر آباد پولیس کا مین پوری فروخت کرنے والوں کیخلاف آپریشن جاری، چھے جواریوں سمیت ایک درجن افراد گرفتار، مین پوری کیخلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے ہٹڑی تھانے کی حدود میں تین افراد دین محمد عرف دینو ولد میر محمد نورانی، محمد امین ولد لاکھا، دومو ولد موتی کولہی کو تین سو مین پوری سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ٹنڈو یوسف پولیس نے محمد آصف ولد محمد مبین شاہ کو 180 مین پوری سمیت گرفتار کیا۔ حالی روڈ پولیس نے شیراز خان ولد ہدایت خان یوسفزئی کو سو مین پوری سمیت گرفتار کیا۔ پبن تھانے کی پولیس نے محمد امین ولد محمد حسین کھوسو کو مین پوری سمیت گرفتار کیا۔ علاوہ ازیں فورٹ پولیس نے جوے کے اڈے پر چھاپا مارکر پانچ جواریوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ فورٹ پولیس نے پکا قلعہ گلی نمبر 6 پر جوے اڈے پر چھاپا مارکر پانچ جواریوں حامد ولد خلیل الرحمن شیخ، محمد فاروق ولد خورشید عالم خانزادہ، مرزا اعجاز بیگ ولد مبین بیگ، شہزاد ولد سعید خان یوسف زئی، عمران ولد سلامت خان کو رقم اور تاش کے پتوں سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔