پی پی حکومت نے سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے، منور علی تالپور

321

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع میرپور خاص کا اجلاس رکن قومی اسمبلی و صدر ضلع میرپورخاص نوابزادہ میر منور علی تالپور کی زیر صدارت تالپور ہاؤس کوٹ میرس (لانڈھی) میں ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی الحاج نور احمد بھرگڑی، چیئرمین ضلع کونسل نوابزادہ میر انور تالپور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی ضلع میرپور خاص کے عہدیداران اور تعلقوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز پی پی یوتھ، اقلیتی ونگ اور لیڈیز ونگ کی صدر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ میر منور علی تالپور نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت پر موجودہ وفاقی حکومت نے جھوٹے مقدمات بنا کر پارٹی قیادت کو گرفتار کیا ہے اور صوبائی وزرا، صوبائی و قومی اسمبلی کے ممبران پر نیازی حکومت نیب کے ذریعے جھوٹے مقدمات بنا کر پارٹی پر دباؤ ڈال رہی ہے اورکچھ نام نہاد نیازی حکومت کے سلیکٹڈ وفاقی وزیر سندھ میں آکر پیپلز پارٹی کی حکومت کو غیر جمہوری طریقے استعمال کرکے گرانے کی باتیں کرتے ہیں لیکن یہ لوگ عوامی خدمات کبھی بھی نہیں کرسکتے کیونکہ یہ لوگ عوامی طاقت سے نہیں آئے بلکہ یہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار کی کرسی پر براجمان ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی حکومت نے سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہیں اور روزگار کے مواقع فراہم کیے ہیں اور آئندہ وقت میں میرپور خاص ڈسٹرکٹ میں پارٹی کی جانب سے ترقیاتی کام جلد شروع کروائے جائیں گے۔ اجلاس میں نوابزادہ میر منور علی تالپور نے ضلع کے عہدیدران کو ہدایت کی کہ چیئرمین کے ہونے والے جلسوں میں میرپور خاص ڈسٹرکٹ کے کارکنان بھرپور شرکت کریں۔ جنرل سیکرٹری میر حسن دھونکائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرپورخاص کے عہدیداران نے ہمیشہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر لبیک کہا ہے اور نیازی حکومت کے ہتھکنڈوں کو ناکام بناکر پاکستان کا وزیر اعظم اپنے محبوب قائد بلاول زرداری کو بنائیں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات عبدالسلام میمن، نائب صدر اسحاق ناریجو، تعلقہ کوٹ غلام محمد کے صدر حاجی رفیق بھرگڑی، تعلقہ سندھڑی کے صدر میر علی رضا تالپور، نیاز بھمبرو، حاجن پنہور، رسول بخش مغل، میر خدا بخش، حنیف میمن صدر سٹی میرپور خاص، یوتھ کے صدر عنایات ناریجو اقلیتی ونگ کے صدر بلم کما، تعلقہ شجاع آباد کے سیکرٹری اطلاعات ایڈووکیٹ ہیرا لال میگھواڑ اور لیڈیز ونگ کی شمیم جھنڈیر نے اپنی کارکردگی رپورٹ نوابزادہ میر منور علی تالپورکو پیش کی۔