سرفراز احمد کو ہٹانے کافیصلہ احمقانہ ہے ،معین خان

235

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سرفراز احمد کی قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سے برطرفی سوشل میڈیا کا ٹاپ ٹرینڈ بن گئی،تینوں طرز کی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے پرمداح چراغ پا ہوگئے، پی سی بی کے فیصلے کوجلد بازی قراردے دیا۔سرفرازاحمد کے پرستاروں نے شکوہ کیا ہے کہ ان کے سابقہ ریکارڈز نظر انداز کردیے گئے جبکہ ٹیم کے کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی کا نزلہ سرفراز احمد پر گرایا، اس کے ساتھ ہی چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق بھی تنقید کی زد میں آگئے۔مزید براں سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے پی سی بی کے اس فیصلہ کو احمقانہ قرار دے دیا، دوسری جانب کے سی سی اے کے صدر اور پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈیٹر کے روح رواں ندیم عمر نے کہا ہے کہ ایک سیریز کی شکست پر سرفراز احمد کو قومی قیادت سے ہٹا دینا درست عمل نہیں،یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، یہ قوم کی آواز بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ حیرت انگیزو صدمہ خیزخبراور ناانصافی کے مترادف ہے، عالمی نمبر ون ٹیم کے کپتان نے پاکستان کو 11 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی سے ہمکنار کرایا،قائد ایک رات میں پیدا نہیں ہوتا، سرفراز احمد کی ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھی کارکردگی بہتر رہی، ان کی تبدیلی کے حوالے سے خبریں گردش میں تو تھیں لیکن اس فیصلہ کی امید نہ تھی۔