سرفراز کی برطرفی کے بعد بورڈ آفیشل اکائونٹ پر جشن کی ویڈیو،پی سی بی تنقید کی زد میں

112

لاہور(آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے اعلان کے فوری بعد ایک ٹوئٹ سے بورڈ تنقید کی زد میں آگیا۔سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے اعلان کے تھوڑی دیر بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکانٹ سے ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں شامل ایک ویڈیو میں کھلاڑیوں کو خوشیاں مناتے دِکھایا گیا جب کہ اس موقع پر سرفراز احمد بھی ویڈیو میں موجود ہیں جنہیں ٹریننگ سیشن کے دوران ٹیم کا ایک ممبر باہر جانے کا اشارہ کررہا ہے۔پی سی بی کی جانب سے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کے موقع پر ویڈیو جاری کرنے سے تاثر پیدا ہوا کہ کھلاڑی سرفراز کے جانے کی وجہ سے خوشیاں منارہے ہیں اور ٹیم کا ایک ممبر انہیں باہر جانے کو کہہ رہا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی اس ٹوئٹ پر کرکٹ کے شائقین نے بورڈ پر تنقید کی اور اسے نامناسب قرار دیا۔ٹوئٹر صارفین کی جانب سے پی سی بی پر تنقید کے بعد بورڈ نے اس ویڈیو کو ٹوئٹر اکانٹ سے ہٹادیا اورکہا کہ ایک سال بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز ہوگا جس کے لیے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوئی ہے، اسی حوالے سے تمام کرکٹ بورڈز نے ویڈیو جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا البتہ پی سی بی کی جانب سے ویڈیو کی شیئرنگ اور سرفراز کو کپتانی سے ہٹائے جانے کے ٹائمنگ میچ ہونے سے غلط تاثر پیدا ہوا۔