انڈرٹرائل لوگوں کو کس قانون کے تحت کال کوٹھری میں رکھا گیا ہے‘مریم اورنگزیب

560

اسلام آباد(صباح نیوز)ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیاکہ کس قانون کے تحت انڈر ٹرائل لوگوں کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھا ہوا ہے؟ سیاسی مخالفین پر ایک روپے کی کرپشن ثابت نہ ہونے کا غصہ اتاراجارہے ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ان کاکہنا تھا کہ عمران خان کی بڑی سوچ مخالفین کو گالی دینا ، تضحیک کرنا اور عزتوں سے کھیلنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے حواری چوروں، ڈاکوئوں، جھوٹوں، منی لانڈررز اور غنڈوں کا احتساب کب، کہاں اور کون کرے گا؟ ، سیاسی مخالفین کو اغوااور سزائیںدینے سے آٹا، چینی، سبزی، گوشت، روٹی ، دودھ اور دالیں سستی نہیں ہوں گی نہ ہی بے روزگاری ، غربت میں کمی اورنہ ہی ترقی کی شرح بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ ایک سال میں تاریخی11000 ارب سے زائدکا قرض ہوگیا۔نااہل کی نالائقی کی وجہ سے پشاور میٹرو مکمل نہیں ہوگی ،عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر نہیں مل سکتے ۔ عمران خان کی بڑی سوچ شریف برادران سے سیاسی انتقام اور مریم نواز کو بچوں سے نہ ملنے دینا،ڈاکٹر سے ملاقات پر پابندی، نواز شریف کاجیل میں اے سی، کھانا اور ٹی وی بند کردینا اوررانا ثنااللہ پر21 کلو ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنا یہ سب نااہل عمران خان کی بڑی سوچ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے جتنے سیاسی مخالفین کو بند کیا ہے، آج تک کسی پرایک بھی الزام ثابت نہیں ہوا۔