لیاقت بلوچ کی قیادت میں 25اکتوبر کو کشمیر مارچ ہوگا، حافظ نصراللہ

170

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہاہے کہ عوام 25 اکتوبر کو مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی قیادت میں ہونے والے جہاد کشمیر مارچ میں بھرپور شرکت کرکے مودی کے ناپاک عزائم کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں۔ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے جس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ اس لیے کشمیر کی آزادی ناگزیر ہے۔سندھ و پاکستان کا مستقبل بھی کشمیر سے وابستہ ہے کیونکہ سندھ کو سرسبز و آباد کرنے والے دریا کشمیر سے آتے ہیں، بھارت کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اور دریائوں کا رخ موڑ کر سندھ کو بنجر اور پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز چنا نے المرکز اسلامی میں جہاد کشمیر مارچ کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ ضلعی امیر حاجی دیدار علی لاشاری ، ہدایت اللہ رند ودیگر مقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ استعماری بزدل قوتوں کا پیچھا کرتے رہیں گے۔ عوام نے جماعت اسلامی کے ہر کشمیر مارچ میں بھر پور شرکت کی ہے ،ایک بار پھر 25 اکتوبر کوجیکب آباد میں مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی قیادت میں جہاد کشمیر مارچ میں عوام سے شرکت کی اپیل کرتے ہیں۔ امیر ضلع حاجی دیدار علی لاشاری نے صوبائی رہنما کو مارچ کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی۔