عمران حکومت، پاکستان کے ساتھ پشاورمیٹروجیساسلوک کررہی ہے

117

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ عمران خان حکومت پاکستان کے ساتھ پشاورمیٹروجیساسلوک کر رہی ہے ہرادارے کوتباہ کردیا گیا، کنٹینرپرایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر بنانے والے عوام کو لنگر خانوں اورنوجوانوں کوسودی قرضے کی طرف دھکیل رہے ہیں ، وزرا سرکاری خزانے سے تنخواہیں اورمراعات لے کراپنی ذمے داریاں پوری کرنے کی بجائے اسٹیج کے جوکربنے ہیں، نااہل اوربددیانت حکمران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی ساہوکاروں کے احکامات پر غربت ،مہنگائی سمیت مسائل کی چکی میں پسے عوام پر ہردن ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کے علاوہ اقرباپروری کے نئے ریکارڈ قائم کررہے ہیں ،وفاق وپنجاب کے نااہل وزرا ومشیران کی فوج قومی خزانے پر بوجھ ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی کے اجتماع اورذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹرحمیداللہ ملک، امیرضلع راولپنڈی راجا محمدجواد،ضلعی سیکرٹری سیدامجدحسین شاہ،صدر ضلعی سیاسی کونسل شمس الرحمن سواتی سمیت دیگررہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ تبدیلی کے ثمرات نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں اب قوم عذاب کی صورت مسلط اس سونامی سے نجات کیلیے دن رات دعائیں کرتی ہے۔ مہنگائی نے سب سے زیادہ غریب اور سفید پوش طبقے کو متاثر کیاہے۔ لوگوں کے لیے اب سفید پوشی کا بھرم رکھنا بھی مشکل ہوگیاہے۔ ملک کی تقدیر عوام کے ہاتھ میں ہے۔ عوام اچھی قیادت کا انتخاب کریں تو اللہ تعالیٰ ملک و قوم کے تمام مسائل حل کر دے گا ۔انہوںنے کہاکہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے ایک سال کے عرصہ میں سب سے زیادہ قرضے لیے ہیں۔ دنیا میں سال میں ایک مرتبہ چیزوں کی قیمتیں بڑھتی ہیں جبکہ موجودہ حکومت چار چار مرتبہ قیمتیں بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کیلیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ کشمیری 3ماہ سے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیںلیکن حکمرانوں کے رویے سے لگتاہے کہ انہوںنے کشمیر کا مسئلہ دوبارہ سرد خانے میں ڈال دیاہے۔