فلسطین

137
فلسطین: غزہ کی سرحد پر جمعہ کے روز احتجاج کے دوران مظاہرین اسرائیلی آنسوگیس شیلنگ سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں‘ قید سے رہا ہونے والی خواتین فتح کا نشان بنا رہی ہیں
فلسطین: غزہ کی سرحد پر جمعہ کے روز احتجاج کے دوران مظاہرین اسرائیلی آنسوگیس شیلنگ سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں‘ قید سے رہا ہونے والی خواتین فتح کا نشان بنا رہی ہیں

 

مسجد اقصیٰ کی 4 نمازی خواتین گرفتار
فائرنگ سے 51 فلسطینی زخمی
مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں باب السلسلہ کے سامنے 4فلسطینی نمازی خواتین کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس کے مشرقی علاقے میں صہیونی فوج کے حملے میں 51 فلسطینی زخمی ہوگئے۔ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق امدادی کارکنوں نے جھڑپوں کے دوران درجنوں فلسطینیوں کو طبی امداد فراہم کی۔ اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے 3 زخمی ہوئے۔ 14 ربڑ کی گولیاں لگنے اور 34 آنسوگیس کی شیلنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج کا غزہ کی سرحد پر
ڈرون طیارہ مارگرانے کا دعویٰ
مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ کی سرحد پرا یک ڈرون طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کردیا۔ فوجی ترجمان نے ٹوئٹر پر پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ صہیونی فوج نے غزہ کی جنوبی سیکورٹی باڑ کے قریب ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔ گزشتہ ماہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ پر بمباری کی تھی، جس میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس نے غزہ پر بمباری فلسطینیوں کے میزائل اور راکٹ حملوں کے جواب میں کی۔ اسرائیل کے دفاعی اور فوجی حلقوں نے فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی طرف سے ڈرون ٹیکنالوجی کے حصول کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔

بیت المقدس میں اسرائیل
کے تمام اقدامات باطل ہیں‘ یونیسکو
نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت یونیسکو نے اپنے اجلاس میں متفقہ طور پر مقبوضہ بیت المقدس اور اس کی تاریخی دیواروں کے بارے میں مسودہ قرارداد منظور کرلیا، جس میں تاریخی مقامات پر صہیونی یلغار اور کارروائیوں کو مسترد کردیا گیا۔ قرارداد میں قابض ریاست سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مسجد اقصیٰ اور مقبوضہ بیت المقدس کی دیواروں کے تاریخی تشخص کی پامالی بند کرے۔ مسودے میں بیت المقدس اور اس کے مضافات میں مقدس شہر کے تاریخی تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے ثبوت پیش کیے گئے۔

سعودی ولی عہد اور فلسطینی صدر کا
مشترکہ تجارتی کونسل کی تشکیل پر اتفاق
ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور فلسطینی صدر محمود عباس نے اقتصادی کمیٹی اور مشترکہ بزنس کونسل کے قیام پر اتفاق کرلیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کے دورے پر موجود فلسطینی صدر اور سعودی ولی عہد کے درمیان اہم ملاقات میں فلسطین کی تازہ صورت حال اور مشرقی بیت المقدس کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنائے جانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فلسطینی صدرمحمود عباس نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے بھی ملاقات کی تھی۔