افغانستان میں 9 ماہ کے دوران 2563 شہری ہلاک

87

نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے معاون ادارے یو این اے ایم اے نے افغانستان میں شہری ہلاکتوں کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال جنوری سے ستمبر تک 9 ماہ کے دوران بدامنی کے واقعات میں 2 ہزار 563 افراد ہلاک جب کہ 5 ہزار 676 شہری زخمی ہوئے۔ افغانستان کی حکومت نے رواں سال شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جب کہ اس کا ذمے دار طالبان کو قرار دیا ہے۔ افغانستان کی نیشنل سیکورٹی کونسل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہریوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ممکن اقدامات کیے ہیں۔ بیان میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ہمیں ایسے دشمن کا سامنا ہے جو بے دردی سے شہریوں کو ہلاک کرتا ہے۔ پرتشدد واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کو بہتر علاج اور بے گھر ہونے والوں کا بھر پور خیال رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب افغان طالبان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اسے جانب دارانہ قرار دیا ہے۔ طالبان کا کہنا ہے کہ شہری اموات کی ذمے دار قابض امریکی فوج ہے۔ جو شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔ طالبان نے کہا ہے کہ گھروں اور بازاروں سمیت شہری املاک کو نقصان پہنچانے کی ذمے دار بھی امریکی فوج ہے۔