یوم یکجہتی کشمیر فٹبال کے الیکٹرک نے آتش کلب کو 2-0 سے ہرادیا

371
آل پاکستان یوم یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ میں کے الیکٹر ک کی ٹیم کا فتح کے بعد لیاگیا گروپ فوٹو
آل پاکستان یوم یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ میں کے الیکٹر ک کی ٹیم کا فتح کے بعد لیاگیا گروپ فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پنجاب کے شہر لیہ میں جاری آل پاکستان یوم یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ میں کے سیمی فائنل میں کراچی الیکٹرک کراچی نے اپنے بجلی کے زوردار جھٹکے سے آتش فٹبال کلب ٹانک کے پی کے کی ٹیم کو 2-0سے ہراکرفائنل کا ٹکٹ کٹوالیا۔ فائنل آج کے الیکٹرک کراچی اور ایشیاء گھی مل بھاولپور سے درمیان ٹھیک 3-.30بجے کھیلا جائے گا۔ لیہ میں جاری آل پاکستان یوم یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں کے الیکٹرک کراچی نے ایک سخت معرکہ کے بعد کے پی کے سے تعلق رکھنے والی آتش فٹبال کلب ٹانک کو 2-0سے قابو کرکے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔فاتح ٹیم کی جانب سے مرتضیٰ حسین اور محمد رسول نے ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو فائنل میں رسائی دلوادی۔ کھیل کے پہلی ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ رہا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے سبقت حاسل کرنے کے لئے ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کئے لیکن پہلی ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں تجربہ کار نیشنل کوچ حسن بلوچ اور اکبر علی کی کوچنگ میں کھیلنے والی کے الیکٹرک نے کوچز کی ہدایت اور گیم پلان کے مطابق دوسرے ہاف میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کھیل کے60 ویں منٹ میں ایک بہترین پاس پر اسٹرائیکر مرتضیٰ حسین نے گیند کو جال میں پہنچاکر اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی سبقت دلوادی ۔ ایک گول کے خسارے میں جانے والی آتش کلب ٹانک کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل سے کے الیکٹرک کے گول پر بھرپور حملے کئے اور دو تین یقینی گول کے مواقع کے الیکٹرک کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر نے بچاکر اپنی ٹیم کی سبقت کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے۔کھیل کے اختتامی لمحات90 ویں منٹ میں گزشتہ میچ میں ہیٹ ٹرک اسکور کرنے والے انٹرنیشنل پلیئر محمد رسول نے ایک شاندار کراس بال کے زریعے گیند کو جال کی راہ دکھاکراپنی ٹیم کی سبقت کو 2-0 سے دگناکرتے ہوئے ٹیم کو فائنل کا ٹکٹ کنفرم کرادیا۔ ریفری نے میچ کی اختتامی وسل بجائی تو کے الیکٹرک نے2-0 سے میچ میں کامیابی کے ساتھ فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ کے الیکٹرک کا فائنل میں ایشیا ء گھی مل بھاولپور سے مقابلہ ہوا، جس نے پہلے سیمی فائنل میں معروف ٹیم کریسنٹ ٹیکسٹائل ملز فیصل آباد کو 4-2سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی۔