۔10 لاکھ نوجوانوں کو بلا سود قرض دیں گے،وزیراعظم

189
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کامیاب جوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’کامیاب نوجوان پروگرام‘ کے تحت10لاکھ نوجوانوں کو 100ارب روپے کے قرضے دیں گے،50لاکھ روپے پر کوئی سودنہیں لیا جائے گا، اگر مولانا فضل الرحمن کے لوگ میرٹ پر ہوئے تو انہیں بھی قرضے دیے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں ’کامیاب جوان پروگرام‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ پہلی اسمبلی ہے جو’ڈیزل‘ کے بغیر چل رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ 14 مہینے سے دیکھ رہا ہوں کہ لوگ ٹیکس نہیں دے رہے، یہ لوگ کہتے ہیں تعلیم ، صحت و صاف پانی چاہیے لیکن ٹیکس نہیں دینا، اگرٹیکس نہیں دیں گے تو ملک کیسے چلے گا، ہمیں خود کو بدلنا ہوگا، میں ابھی آہستہ آہستہ تبدیلیاں کررہا ہوں، ہمیں خوددار قوم بننا ہے تو ٹیکس دیناپڑے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ایک بٹن دبانے سے تبدیلی نہیں آسکتی ‘اگر نیا پاکستان بنانا ہے تو حکومت اور قوم کو مل کرکوشش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے بچوں کو دینی تعلیم کے علاوہ سائنس کی تعلیم بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے اور مدارس میں 500 اسکلز لیباٹریز بنارہے ہیں، ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم لارہے ہیں، 2 ہزار اساتذہ کو عالمی تربیت دیں گے،ہم نوجوانوں کے لیے نیشنل انٹرن شپ پروگرام بھی لارہے ہیں جس کے تحت نوجوانون کو مختلف صنعتوں میں انٹرن شپ کروائیں گے جب کہ گرین یوتھ موومنٹ میں نوجوانوں کی ممبر شپ کریں گے، یوتھ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن بنارہے ہیں تاکہ ملک کے نوجوان ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ زندگی میں بہت سی اونچ نیچ آئیں مگر حکومت کے 12 مہینے میری زندگی کے سب سے مشکل دن تھے،میرا اللہ پر پورا ایمان ہے کہ پاکستان کا اچھا وقت شروع ہونے والا ہے۔
وزیراعظم