ٹانک میں 2گروپوںمیں تصادم‘ فائرنگ سے15ہلاک‘ 10زخمی

113

ٹانک(صباح نیوز‘آن لائن)خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میںاشتہاری انعام مروت اور بیٹنی گروپ کے مابین لڑائی کے نتیجے میں15 افرادہلاک اور10سے زائد زخمی ہوگئے۔ریجنل پولیس افسر ڈیرہ اسماعیل خان فیروز شاہ نے میڈیاکو بتایا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلع ملازئی میںدرابین موڑ پرپیش آیا، مسلح تصادم میں انعام مروت گروپ کے3 اشتہاری اور بیٹنی قبیلے کے4 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ4 افراد نے اسپتال میں دم توڑا /دوسری طرف اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی11 لاشیں اسپتال لائی گئی ہیں۔ 10افراد زخمی ہیں جن میں سے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے،جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔ٹانک اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہناہے کہ پہلے انعام گروپ کے موٹر سائیکل سواروں پر فائرنگ کی گئی جس میں دونوں سوار جاں بحق ہوئے ، انعام گروپ نے جوابی کارروائی میں مسافر کوچ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 10افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔واضح رہے کہ انعام نامی ملزم کئی مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت جاں بحق ہوگئے تھے۔