نواز شریف کے سابق سیکرٹری سعید مہدی ودیگرکیخلاف نیب ریفرنس دائر

154

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیب نے نوازشریف کے سابق سیکرٹری سعید مہدی و دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کردیا، عدالت نے ریفرنس سماعت کے لیے منظور کرلیا جبکہ نیب نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر بابر غوری کی جائیداد ضبطی کی کارروائی شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابقنیب نے نوازشریف کے سابق سیکرٹری سعید مہدی و دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کردیا، عدالت نے ریفرنس سماعت کے لیے منظور کرلیا۔ نیب عدالت میں دائر کیے گئے ریفرنس میں نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قومی خزانے کو 56 ارب روپے سے زاید کا نقصان پہنچایا، ملزمان پی ایس او کا پیٹرول غیر قانونی طور پر ایڈمور کمپنی کو دیتے رہے، دیگر ملزمان میں سینئرجنرل منیجر مارکیٹنگ، پی ایس او عرفان خلیل قریشی، سابق ایم ڈی، پی ایس او نعیم یحییٰ، سابق ایم ڈی ذوالفقار علی جعفری اور ایڈمور گیس کمپنی کے رضی احمد حنفی اور انور مسعود زیدی بھی شامل ہیں۔ ملزمان نے ن لیگ کے دور حکومت 2010ء سے 2015ء تک قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، ملزمان پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔علاوہ ازیں بابر غوری نے کراچی کو کتنا لوٹا کتنی جائیداد بنائی؟، احتساب عدالت نے مزید تفصیلات اکٹھا کرنے کے لیے نیب کو مہلت دیدی۔ کراچی کی احتساب عدالت میں کے پی ٹی میں غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نیب نے سابق وفاقی وزیر کی جائیداد ضبطگی کی کارروائی شروع کردی۔ سابق وفاقی وزیر بابر غوری کیخلاف نیب نے اشتہاری قرار دینے سے متعلق رپورٹ پیش کردی۔ رپورٹ کے مطابق ملزم کے خاکے آویزاں کرنے کی کارروائی مکمل ہوگئی ہے۔ بابر غوری کی جائیداد کی ضبطگی کے حوالے سے کارروائی جاری ہے۔ بابر غوری کی سندھ سے جائیداد کی تفصیل کے حوالے سے رپورٹ موصول ہوچکی ہے۔ پنجاب، بلوچستان اور کے پی کے سے تاحال تفصیلات موصول نہیں ہوئیں۔ تینوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو دوبارہ خط لکھے گئے ہیں، تفصیلات موصول ہونے کے لیے وقت دیا جائے تاکہ رپورٹ پیش کی جاسکے۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 28 تک ملتوی کردی۔ نیب کے مطابق ریفرنس میں ایم پی اے جاوید حنیف اور دیگر ملزمان گرفتار ہیں۔ ریفرنس میں نامزد ملزم سابق وفاقی وزیر بابر غوری تاحال مفرور ہیں۔