مدینہ منورہ کے قریب بس کو حادثہ ،35 زائرین شہید

320
مدینہ منورہ: گورنر فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز حادثے میں جھلسنے والے زائر کی عیادت کررہے ہیں‘ بس سے شعلے بلند ہورہے ہیں
مدینہ منورہ: گورنر فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز حادثے میں جھلسنے والے زائر کی عیادت کررہے ہیں‘ بس سے شعلے بلند ہورہے ہیں

 

مدینہ منورہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے قریب شارع ہجرہ پر ایک بس کے دوسری بڑی مال بردار گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجے میں 35 غیر ملکی عمرہ زائرین ہلاک ہو گئے ہیں۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق حادثہ بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق 7 بجے کے قریب پیش آیا۔ مدینہ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثہ ایک نجی چارٹرڈ بس کی دوسری بڑی گاڑی کے ساتھ ٹکر کے نتیجے میں پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور لاشوں و زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں عرب اور ایشیائی ممالک کے عمرہ زائرین سوار تھے اور وہ مدینہ سے مکہ جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد زخمی ہونے والے عمرہ زائرین کو الاحمنا اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جب کہ حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ بین الاقوامی مقامی میڈیا پر نشر کی جانے والی تصاویر اور وڈیو میں بس میں لگی آگ دیکھی جاسکتی ہے۔ سعودی عرب کے اخبار عکاز کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے عمرہ زائرین تارکین وطن تھے جو ملک میں ہی مقیم تھے اور سڑک کے راستے ریاض سے مکہ جا رہے تھے۔ مکہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق 4 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بھی بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔