سلامتی کونسل ایران پراسلحہ سے متعلق پابندی کی تجدید کرے‘ امریکا

110

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب برائن ہک نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کو ایران پر اسلحہ کی پابندی کی تجدید کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کو اسلحہ کی فروخت پر دوبارہ پابندیاں عائد کرے۔ امریکی ایلچی نے ایران پر الزام لگایا کہ تہران توانائی کے وسائل کو نشانہ بنا کر عالمی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ امریکی کانگریس کو بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ ایران پر ایک بے مثال دباؤ مہم جاری ہے تاکہ اسے مذاکرات کی میز پرلایا جا سکے۔ جب دنیا ہمارے ساتھ کھڑی ہوگی تو ایران اپنی روش بدلنے پرمجبور ہوگا۔ امریکی مندوب نے کہا کہ ایران کے ساتھ اس کے جوہری اور میزائل پروگراموں پرپابندی کو شامل کیا جانا چاہیے۔ امریکا ایران کے ساتھ براہ راست فوجی محاذ آرائی کا خواہاں نہیں ہے۔ دوسری جانب فرانس نے خبردار کیا ہے کہ ایران جوہری سمجھوتے سے مزید انحراف نہ کرے اور ایسے کام نہ کرے جو مزید تشویش کا سبب بن سکتے ہوں۔ ترجمان وزارت خارجہ ایجنس وان دیر موہل نے پیرس میں معمول کی بریفنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جن سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہو۔ واضح رہے کہ ایرانی صدر نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ ایران یورینیم افزودگی کے لیے ایڈوانس آئی آر۔ 9 پر کام کررہا ہے۔ یہ سینٹری فیوجز عالمی جوہری سمجھوتے میں شامل نہیں تھے۔