کرپٹ مافیا اور نااہل حکومت کشمیریوں کی دشمن ہے ، لیاقت بلوچ

364

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ کرپٹ مافیا اور نااہل حکومت کشمیریوں کی دشمن ہے ،اگر اپوزیشن جماعتوں کی ترجیح کشمیر نہیں تو حکومت نے بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے نہ قومی اتفاق رائے پیدا کیا اور نہ ہی قومی قیادت کو اکٹھا کرنے کی سنجیدہ کوشش کی ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کو پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا پر بلیک آئوٹ کرنا جمہوریت اور آزادی اظہار رائے پر لاگ ڈائون ہے ۔ فوجی آمریتوں کو بھی میڈیا پر قدغن لے ڈوبی اور اب جمہوریت اور آزاد میڈیاکی دعوے دار حکومت کو آمرانہ روش لے ڈوبے گی ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران سرکار ایف اے ٹی ایف کی مشکلات سے باہر نہیں نکل سکی ۔ حکومت نے خود غلط راستہ اختیار کیا ، اسی لیے عالمی بلیک میلنگ بڑھتی جارہی ہے ، عملدرآمد اب حکومت کی مجبور ی بنادی گئی ہے اس کا نتیجہ معیشت اور زیادہ زوال ہے ۔ وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد چین کے صدربھارت گئے لیکن مقبوضہ کشمیر کا ذکر تک نہ ہوا ۔ حکومت نے سی پیک کو کھلواڑ بنادیا ۔ سی پیک منصوبے پر عمل درآمد کو سست روی اور مشکلات کا شکار کر کے حکومت خود ناکام اور بدنام ہوئی ہے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ نیب نے کرپشن فری پاکستان اور احتساب سب کا نعرے کو خود داغدار اور جانبدار بنادیا ہے ۔ پاناما کے 436 افراد ، قومی خزانے کو برباد کرنے والے 175 میگااسکینڈلز ، کھربوں روپے ہڑپ کرنے والوں کا کھلا احتساب نہ کرنے کی وجہ سے کرپٹ مافیا مظلوم بن رہا ہے ۔ حکومت ، عدلیہ اور نیب نے اپنی روش نہ بدلی تو جانبدار احتساب کا تاثر گہرا ہوگا ۔جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان تحریک اور احتساب سب کا جدوجہد کو ادھورا نہیں چھوڑے گی ۔ کرپٹ مافیا اور نااہل حکومت کشمیریوں کی دشمن ہے ۔