لاہور میںبرطانوی جوڑے کا پرتپاک استقبال،شاہی مسجد کا دورہ

708
لاہور: برطانوی شاہی جوڑابادشاہی مسجد کا دورہ کررہاہے
لاہور: برطانوی شاہی جوڑابادشاہی مسجد کا دورہ کررہاہے

لاہور/پشاور(نمائندہ جسارت/اے پی پی/آن لائن) برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن جمعرات کو ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے‘ گورنر چودھری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ائر پورٹ پر پرتپاک استقبال کیا‘ وزیر اعلیٰ کی بیٹیوں نے شاہی مہمانوں کو گلدستے پیش کیے۔شاہی جوڑے نے بہترین مہمان نوازی پر گورنر اور وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں برطانوی شہزادے ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کی بادشاہی مسجد آمد پر استقبال کے لیے 1800 فٹ لمبا ریڈ کارپٹ بچھایا گیا‘ فانوس روشن کیے گئے، آرٹ کے مورخ فقیر سید اعزاز الدین نے مسجد کی تاریخ کے متعلق بریفنگ دی۔ خطیب بادشاہی مسجد عبدالخبیر آزاد نے معزز مہمانوں کو شہزادے چارلس کے 2006ء اور شہزادی ڈیانا کے 1996ء میں بادشاہی مسجد کے دورے کے بارے میں بتایا، بادشاہی مسجد کی پینٹنگ اور روایتی سفید شال پیش کی۔ شاہی جوڑے نے اس موقع پر قرآن پاک کی تلاوت سنی اور مولانا عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں بادشاہی مسجد میں بین المذاہب ہم آہنگی کے اجلاس میں شرکت کی‘ جس میں رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار‘ سابق ایم پی اے رمیش سنگھ اروڑا‘ بشپ سرفراز پیٹر سمیت اقلیتی رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ شاہی جوڑے نے بین المذاہب ہم آہنگی کی تجویز کو سراہا۔شاہی جوڑے نے شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کا دورہ کیا اورکینسر میں مبتلا بچوں سے ہمدردی کا اظہار کیا‘ شاہی مہمانوں نے اسپتال کے باہر لوگوں سے بھی گپ شپ کی۔ شاہی جوڑے نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا ،چیئرمین پی سی بی احسان مانی ،پی سی بی کے افسران‘ قومی کرکٹرز اور بڑی تعداد میں بچوں نے استقبال کیا‘ برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے یہاں کرکٹ بھی کھیلی‘ کرکٹرز اظہر علی‘ حسن علی‘ شاہین شاہ آفریدی‘ ثناء میر اور عروج ممتاز نے کھیل میں حصہ لیا، وقار یونس نے امپائر کے فرائض سرانجام دیے‘ شہزادہ ولیم نے حسن علی کی بالز پرچوکا اور چھکا بھی لگایا‘ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے کیٹ میڈلٹن کو بولنگ کرائی۔شاہی مہمانوں نے ورلڈ کپ 1992ء کی ٹرافی کو بھی دیکھا ۔علاوہ ازیں موسم کی خرابی اور سیکورٹی کلیرنس نہ ملنے کے باعث برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ خیبر پختونخوا منسوخ کردیا گیا ہے تاہم شاہی جوڑا کے چترال آمد کے موقع پر سیکورٹی کے مناسب انتظامات کیے گئے تھے اور کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کی جانب سے ان کا استقبال کیاگیا تھا۔