ننگر ہار کی مسجد میں بم دھماکہ،62 ہلاک،درجنوں زخمی

258

کابل:افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں جمعہ کی نماز کے دوران بم دھماکے کے نتیجے میں 62 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار کے ضلع ہسکہ مینا کی ایک  مسجد میں زور دار دھماکا ہوا، جس سے مسجد کی چھت گرگئی اور ملبے  تلے دب کر 62 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے فوری بعد ریسکیو حکام نے امدادی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئےملبے تلے دبے افراد کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا۔

صوبہ ننگر ہار کے کونسل ممبرسوہراب قادری نےہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مسجد کے ملبے سے ابھی تک لوگوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

بم دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم افغان حکومت نے حملے کا ذمہ دار طالبا ن کو ٹھرایا ہے۔

صدراتی ترجمان نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ طالبان اوران کے ساتھی  اپنے مقاصد کے حصو ل کیلئے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

دوسری جانب طالبا ن کے ترجمان سہیل شاہین نے حکومت کی جانب سے لگائے گئے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ عینی شاہدین کےمطابق افغان حکومت کی جانب سے مسجد پرمارٹر گولاداغے گئے ہیں ۔

واضح رہے کہ یہ دھماکا ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب حال ہی میں اقوام متحدہ کی جانب سے گذشتہ 3 ماہ میں افغانستان میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔