لاڑکانہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کیلیے پولنگ

268

لاڑکانہ میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

یادرہے کہ اس نشست پر عام انتخابات ميں جی ڈی اے کے معظم عباسی نے نثار کھوڑو کی صاحبزادی ندا کھوڑو کو 12 ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی۔ بعد ازاں سپريم کورٹ نے اثاثے ظاہر نہ کرنے پر معظم عباسی کو ڈی سيٹ کردیاتھا۔

چيئرمين پی پی بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹيکل سيکريٹری جميل سومرو اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار معظم عباسی کے درميان کانٹے دارمقابلے کی توقع ہے۔ معظم عباسی کو تحريک انصاف اور جے يو آئی دونوں جماعتوں کی حمايت حاصل ہے ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پی ایس 11 لاڑکانہ میں 138 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں اور 493 پولنگ بوتھ تشکیل دئیے گئے ہیں، حلقے میں ایک لاکھ 52 ہزار 614 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، مرد ووٹرز کی تعداد 83 ہزار 16 اور خواتیں ووٹرز 69 ہزار 598 ہے، حلقے میں 11 امیدوار مد مقابل ہیں جن میں سے دو امیدوار پارٹی ٹکٹ پر حصہ لے رہے ہیں۔