جاپان نے پاکستان کو ٹاپ ٹین دوست ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا

1049

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جاپان نے پاکستان کو ٹاپ ٹین دوست ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا، جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل اشیدا کاتو نوری نے کہا پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل اشیدا کاتو نوری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جاپان نے پاکستان کو ٹاپ ٹین دوست ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا، پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے بھی ہرسطح پر کوشاں ہے۔

جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کراچی میں معاشی ترقی کی بے پناہ صلاحیتیں ہیں، نوجوانوں کو جاپان میں روزگار کے مواقعے فراہم کرنے کے لئے بھی دونوں ممالک میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

جاپانی ڈپٹی قونصل جنرل پنجابی، سندھی اور پشتو زبانوں میں عبور رکھتے ہیں، ان کو بریانی اور پائے بہت پسندہیں،ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بہت مہمان نواز ہیں، مہمانوں کو اچھا کھانا کھلاتے ہیں۔

یاد رہے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل سے جاپانی سفیر نے رابطہ کرکے زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی پیشکش کی تھی۔جس پر چیئرمین این ڈی ایم اے نے جاپان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا تھا۔

اس سے قبل رواں سال اپریل میں پاکستان میں تعلیم اورٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے جاپان میدان میں آگیا تھا اور پاکستان کو سات ارب چالیس کروڑروپے دینے کا اعلان کیا تھا، یہ رقم پاکستان میں صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کیلئے استعمال ہونا تھی۔