عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہاہے، محمد حسین محنتی

88

ٹنڈو آدم(نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی اور بے روزگاری سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جارہاہے جبکہ معاشی خوشحالی سمیت عوام کو ریلیف دینے والے حکومت کے تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔ مہنگائی اور اپنے جائز حقوق کے لیے عوام کا سڑکوں پر آنا فطری بات ہے۔ شریعت کے نفاذ سے ہی ملک خوشحال
معیشت بحال اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔اسلام آباد میں آزادی مارچ کرنا جے یو آئی کا سیاسی آئینی و جمہوری حق ہے حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے۔جماعت اسلامی سندھ کے مرکزی میڈیاسیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے غوری ہاؤس ٹنڈوآدم میں ضلعی تنظیمی اجلاس اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ بزرگ رہنما عبدالعزیز غوری، امیر ضلع سانگھڑ رفیق منصوری، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، عبدالغفور انصاری، مشتاق عادل اور مولانا نور حسن سمیت دیگر مقامی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے اپنے وعدوں کے برعکس صرف ایک سال کے دوران 7 ہزار 509 ارب روپے کا ریکارڈ قرض لیا ہے جس کی وجہ سے اب غیر ملکی قرضے بڑھ کر 2804 ارب تک جا پہنچے ہیں۔ سبزی پھل فروٹ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ عام آدمی 2 وقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہے۔ حکومت اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے روزمرہ کی اشیائے خور ونوش کی قیمتوں کو کنٹرول، مہنگائی کے خاتمے اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔ دریں اثنا صوبائی امیر نے رکن جماعت اسلامی عبدالحفیظ انصاری، رکن جماعت اسلامی قمر الدین شیخ اورپی ٹی سی ایل کے سابق ایس ڈی او مرزا طارق بیگ کے والد مرزا طفیل بیگ کے انتقال پر مرحومین کے گھر جاکر لواحقین سے تعزیت کی۔
حسین محنتی