او آئی سی کشمیر اور فلسطین میں اپنی فوجیں بھیجے، عبدالرشید ترابی

459
انقرہ: کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی قونیہ میں سلجوق یونیورسٹی میں خطاب کررہے ہیں
انقرہ: کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی قونیہ میں سلجوق یونیورسٹی میں خطاب کررہے ہیں

انقرہ،کونیا( نمائندہ خصوصی) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ او آئی سی کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنا فعال اور متحرک کردار ادا کرے ،او آئی سی کشمیر اور فلسطین میں اپنی فوجیں بھیجے ،آئی ایچ ایچ غزہ کی طرح کشمیر کے محاصرے کے خاتمے کے لیے فریڈم مارچ کا اعلان کرے ،بھارت اور اسرائیل مسلمانوں کے قاتل اور امت مسلمہ کے دشمن ہیں ،امریکا ترکی پر پابندیاں عاید کرنے کے بجائے بھارت اور اسرائیل پر پابندیاں لگائے جو جنگی جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں ،تمام اسلامی ممالک بھارت کا معاشی بائیکاٹ کریں ،اہل دانش ،علما کرام اور میڈیا کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کریں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مولانا رومی کے شہر کونیا میں ترکی کی سب سے بڑی یونیورسٹی سلجوق کے دورے کے موقع پر اسٹاف اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج ظلم کی انتہا کررہی ہیں ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کا قتل عام کیا جارہا ہے گزشتہ کم وبیش 3ماہ سے مسلسل کرفیو نافذ ہے بچے تعلیم اور خوراک سے محروم ہیں درس گاہوں کو فوجی چھاونیوں میں تبدیل کردیا گیا ہے دن اور رات فوجی گائوں اور شہروں کا گھیرائو کر کے کشمیریوں کا قتل عام کررہے ہیں کشمیرمیں انٹرنیٹ ،موبائل اور ٹیلی فون سروسز معطل ہیں نہ کسی کو اندر جانے کی اجازت اور نہ ہی کوئی کشمیر ی باہر آسکتا ہے، انسانی حقوق کی کسی تنظیم کو بھی مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں ہے،بھارت نے کشمیرکو جیل میں تبدیل کردیا ہے، 80لاکھ کشمیریوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے ،کشمیر میں دنیا کا بدترین انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اہل کشمیر ترک حکومت اور عوام سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس مرحلے پر کشمیریوں کے لیے کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ترک حکمران اور عوام کا ہمیشہ سے کشمیر کی آزادی کے لیے نمایاں کردار رہا ہے اہل کشمیر اس پر طیب اردوان اور ترک عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ آزادی کی اس جدوجہد میں ترک حکمران اور عوام کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ امریکا کی سرپرستی میں بھارت اور اسرائیل امت مسلمہ پر حملہ آور ہیں اسرائیل بیت المقدس اور بھارت خانہ کعبہ پر قبضے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے ہے ،ان حالات میں امت مسلمہ اور اسلامی ممالک کی ذمے داری ہے کہ وہ ان سازشوں کو سامنے رکھتے ہوئے یک جان اور یک زبان ہوکر دشمنوں کا مقابلہ کریں ۔